پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس

دسمبر کو بینظیر بھٹو کی برسی اور جلسے کے موقع پر بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ

پیر 17 دسمبر 2018 18:58

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اہم ..
لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی زیر صدارت گڑھی خدابخش بھٹو میں پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا۔ جس میں سابق وزیراعلیٰ سندھ سید سید قائم علی شاہ، ایم این اے نفیسہ شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، صوبائی وزیر امتیاز شیخ، باری پتافی سمیت سکھر لاڑکانہ ڈویزن کے دیگر رہنماؤں نے شرکت۔

اجلاس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 27 دسمبر کو گیارہویں برسی اور جلسے کے موقعے پر بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جلسے کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ وفاقی حکومت کی سندھ دشمن پالیسیوں کو عوام میں بے نقاب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت مخالفین ہٹاؤ کی آمرانہ پالیسی پر گامزن ہے، جیلوں کی دھمکیاں دینے والے اب خود گھر جانے کی تیاری کریں، آمر پرویز مشرف کو گھر بھیج دیا اب اس کی بی ٹیم کو بھی گھر بھیجیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کون کہاں جاتا ہے یہ وقت بتائے گا، جیلوں کی دھمکیاں نہیں دی جائیں پیپلز پارٹی نے جیل دیکھیں ہیں، پی ٹی آئی خود ڈیل کے تحت حکومت میں لائی گئی ہے ان سے این آراو یا ڈیل کوئی نہیں مانگ رہا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی آئین شکن حکومت ہے پی ٹی آئی صوبوں کے حقوق غضب کرکے ملک میں مرکزیت قائم کرنا چاہتی ہے ملک میں مرکزیت یا کسی کی بادشاہت نہیں چلنے دی جائے گی، پی ٹی آئی ملک میں 58 ٹو بی چاہتی ہے جس کی شق ختم ہونے کی وجہ سے پی ٹی آئی کو 18 ویں ترمیم اور صوبوں کی خودمختیاری پر غصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شھید بینظیر بھٹو کی27 دسمبر کو برسی کے موقعہ پر گڑھی خدابخش بھٹو میں بڑا جلسہ عام کیا جائے گا جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری و دیگر قائدین خطاب کریں گے، شھید بینظیر بھٹو کی 11 ویں برسی بھرپور منائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ برسی کے جلسے میں ملک بھر سے لاکھوں عوام شرکت کریں گے، شھید بینظیر بھٹو کی 27 دسمبر کو برسی اور جلسے کے انتظامات اور تیاریاں جاری ہیں برسی کے جلسے میں آنے والی عوام کی سھولت کے لئے تمام انتظامات کئے جا رہے ہیں، پارکنگ کے لیے 4 زون بنائے جا رہے ہیں جبکہ گڑھی خدابخش بھٹو میں انٹری گیٹس پر 52 واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلسے میں آنے والے افراد کو واک تھرو گیٹس کے ذریعے چکاس کے بعد اندر چھوڑا جائے گا، جلسے گاہ اور مزار کے اطراف سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔