دھوکہ دہی دنیا وآخرت میں ذلت کا سبب بن سکتی ہے،علامہ محمد الیاس قادری

پیر 17 دسمبر 2018 18:58

دھوکہ دہی دنیا وآخرت میں ذلت کا سبب بن سکتی ہے،علامہ محمد الیاس قادری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ مسلمان ہو یا غیر مسلم دھوکہ کسی کو نہ دیا جائے دھوکہ دہی دنیا وآخرت میں ذلت کا سبب بن سکتی ہے ،ملاوٹ کرنے والے اگر قانون کی گرفت میں آتے ہیں تو ان پر جرمانہ وغیرہ عائد ہوتاہے بعض اوقات سزائیں بھی ملتیں ہیں لہٰذا ملاوٹ اور دھوکہ نہ دیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں ہونے والے مدنی مذاکرے میں سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔امیر اہل سنت نے کہا کہ پل صراط جہنم کی پشت پر رکھا جائے گا جس پر سے لوگ گزریں گے کچھ لوگ بجلی کی تیزی اورکچھ تیز رفتار گھوڑے کی مانند گزر جائیں مگر کچھ لوگوں گھسیٹتے ہوئے آئیں گے۔

(جاری ہے)

امیر اہل سنت نے کہا کہ پل صراط پر بڑے بڑے ہانکڑے ہونگے جس کے بارے میں انہیں حکم ہوگا وہ اسے پکڑ لے لیں اور جہنم میں گرادیں گے ،کوئی جہنم میں گر جائے گا تو کوئی زخمی ہوجائے گا،حضور نبی کریم ؐپل صراط کے کنارے تشریف فرماہوں گے اور امت کے حق میں دعا فرمائیں گے ،کبھی میزان تو کبھی میدان محشر میں امتیوں کی مدد کریں گے ،لوگ آپؐ کو پکارتے ہونگے۔

نگران شوری مولانا محمد عمران عطاری نے مدنی مذاکرے میں شریک عاشقان رسول اور بغداد شریف جانے والے عاشقان غوث الاعظم سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کی جن ہستیوں کے دربار میں حاضری ہونے والی ہے وہ اللہ عزوجل کی رضا کیلئے عبادت کرتے تھے ،اللہ عزوجل کی رضا کیلئے جان بھی دے دیتے تھے ،اگر وہاں جاکر بھی غفلت رہی اور نماز قضا ہوگئی تو غورکرلیں آپ کہاں کھڑے ہیں، لہذاواں جاکر اپنا جدول مرتب اور کم از کم ایک قرآن کریم ختم کریں ،خود کو فضول گفتگو سے بچائیں،جہاں جائیں جس مزار پر حاضری دیں ان بزرگ کے واقعات اور ان کی سیرت سے متعلق علم حاصل کریں۔

نگران شوری مولانا محمد عمران عطاری نے کہا کہ دین کامل ہے ،اسلام کی تعلیم پوری زندگی کو احاطہ کرتی ہے اور جب آپ دین کا علم سیکھتے ہیں تواسی علم کی وجہ سے انسان انسانیت کی معراج کو پاتا ہے ،شرافت ،شرافت کی معراج کو پاتی ہے اسی میں روزگار کے معاملات موجود ہیں لہٰذا علم دین ضرور بہ ضرور حاصل کیا جائے۔