حکومت نے شعبہ صحت کیلئے سرکاری اخراجات میں اضافے کا عزم کررکھا ہے،عامر محمود کیانی

ڈبلیو ایچ او کا دنیا بھر اور پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کیلئے کوششوں میں تعاون قابل تحسین ہے،وزیر صحت

پیر 17 دسمبر 2018 19:17

حکومت نے شعبہ صحت کیلئے سرکاری اخراجات میں اضافے کا عزم کررکھا ہے،عامر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے دنیا بھر اور پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کیلئے کوششوں میں تعاون قابل تحسین ہے، حکومت نے شعبہ صحت کیلئے سرکاری اخراجات میں اضافے کا عزم کررکھا ہے۔ وزیر صحت عامر محمود کیانی نے یہ بات پیر کوصحت کی عالمی تنظیم ڈبلیو ایچ او کی علاقائی ڈائریکٹر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سگریٹ اور مشروبات پر ہیلتھ ٹیکس کے نفاذ کی تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہیلتھ ٹیکس سے آمدن صحت کے منصوبوں پر خرچ ہو گی۔ بین الاقوامی قوانین پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیرصحت نے عالمی ادارہ صحت کی پولیو کے خاتمے کیلئے کوششوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہیلتھ کارڈ کا دائرہ کار تمام اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔

ایچ آئی وی اور ٹی بی پر ترجیحی بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں حکومت ہیلتھ انشورنس سکیم کو پاکستان کے تمام اضلاع تک توسیع دینے کا تہیہ کررکھا ہے جس سے 8 کروڑ لوگوں کا فائدہ ہو گا جبکہ یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حصول کیلئے 12 اضلاع میں فیملی پریکٹس اپروچ اختیار کی جارہی ہے جس سے 2019-20ء میں 8 کروڑ لوگوںکو فائدہ ہو گا۔ حکومت انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کو بھی بہتر بنا رہی ہے۔ بیماریوں کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں بیماریوں کی تشخیص اور علاج کے نظام بہتر بنایا جا رہا ہے۔ وزارت صحت ٹی بی اور ایچ آئی وی جیسی امراض پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔