پیمرا نے سیٹلائٹ ٹی وی لائسنسز کے دوبارہ اجراء کافیصلہ کر لیا

پیر 17 دسمبر 2018 19:20

پیمرا نے سیٹلائٹ ٹی وی لائسنسز کے دوبارہ اجراء کافیصلہ کر لیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) پیمرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اتھارٹی کا 146واں اجلاس منعقد ہوا جس میں مکمل مشاورت کے بعد بولی کے ذریعے نئے سیٹلائٹ ٹی وی لائسنسز کے اجراء کی منظوری دے دی گئی۔لاہور ہائیکورٹ نے نئے سیٹلائٹ ٹی وی لائسنسوںکے اجراء کے عمل کو مستقل چیئرمین کی تعیناتی تک روک دیا تھا۔لہٰذا اتھارٹی نے عدالتی احکامات کی روشنی میں لائسنسوں کی تعدادکے تعین بھی فیصلہ کیا۔

اتھارٹی نے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کے ڈائریکٹرز/لائسنس یافتگان کی سکیورٹی کلیئرنس کے حوالے سے پیمرا ٹیلی ویژن براڈکاسٹ اسٹیشن آپریشن ریگولیشنز 2012 میں ترامیم کی بھی منظوری دی۔ اتھارٹی نے پنجاب فوڈ اتھارٹی لاہور اور بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی لاہور کو نان کمرشل ایف ایم ریڈیو لائسنس کے اجراء کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں اتھارٹی نے نئی فیس کے تحت ورچوئل یونیورسٹی کے نان کمرشل سیٹلائٹ ٹی وی چینلزVTV-1 اور VTV-II کے لائسنسز کی تجدید کی منظوری بھی دی ۔

دو غیر ملکی سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کیلئے میسرز میڈیا کان نیٹ ورک (پرائیویٹ)لمٹیڈکراچی کو"انگلش کلب" اور "کڈز زون -" -کو لینڈنگ رائٹ پرمشن بھی دے دی۔ جبکہ ٹی چینل ٹونامی (Toonami) کی لینڈنگ رائٹ پرمشن کو کمپنی کی درخواست پرمنسوخ کر دیا۔ جبکہ میسرز اآئیڈاشن(پرائیویٹ) لمٹیڈ کو موبائل ٹی وی (وڈیو وآڈیوکانٹینٹ پرویژن) سروس لائسنس کی منظوری بھی دی۔

اس کے ساتھ ہی دو انٹرنیٹ پروٹوکول ٹی وی ڈسٹریبیوشن سروس لائسنس کی بھی منظوری دی گئی جوکہ میسرز ٹیس (TES)میڈیا (پرائیویٹ )لمٹیڈ کو اسلام آباد ،کراچی ،لاہور اور اسلام آباد ٹیلیکام زون جبکہ میسرز نیاٹیل (پرائیویٹ) لمٹیڈ کو اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور فیصل آباد زون کیلئے لائسنسوں کی منظوری دی گئی۔مزیدبرآں اتھارٹی نے ڈی ٹی ایچ لائسنسنگ پر ہونیوالی پیشرفت کاجائزہ لیتے ہوئے پیمرا قوانین کے تحت فیصلہ بھی کیا۔

اتھارٹی ممبرز نے سیکریٹری اطلاعات جو کہ پیمرا آرڈیننس کی رُو سے فیڈرل گورنمنٹ کی نمائندگی کریں گے کو اتھارٹی ممبر بننے پر خوش آمدید کہا۔ اتھارٹی اجلاس چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ کی صدارت میں منعقد ہواجس میںجناب سرفراز خان جتوئی (ممبر سندھ)، محترمہ نرگس ناصر (ممبر پنجاب)، محترمہ شاہین حبیب الله(ممبر خیبرپختون خواہ)، جناب محمد نوید (چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی) اور جناب اشفاق جمانی نے شرکت کی۔