فیصل واوڈا نے نواز شریف سے معافی کا مطالبہ کر ڈالا

شکر کریں میں اس وقت موجود نہیں تھا ورنہ نواز شریف کو سزا کے بغیر جانے نہ دیتا، وفاقی وزیر

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 17 دسمبر 2018 19:25

فیصل واوڈا نے نواز شریف سے معافی کا مطالبہ کر ڈالا
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-17 دسمبر 2018ء) :وزیر فیصل واوڈا نے نواز شریف سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شکر کریں میں اس وقت موجود نہیں تھا ورنہ نواز شریف کو سزا کے بغیر جانے نہ دیتے۔تفصیلات کے مطابق آج یہ افسوسناک واقعہ سامنے آیا جس میں نواز شریف کے گارڈز کی جانب سے صحافی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔نجی ٹی وی چینل کا کیمرہ مین اپنے صحافتی فرائض نبھاتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی فوٹیج بنا رہا تھا کہ اس دوران نوازشریف کے ایک گارڈ نے کیمرہ مین واجد علی پر حملہ کر دیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے تشدد سے نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین بے ہوش ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف کے گارڈز نے دو صحافیوں پر حملہ کیا جس کے بعد دونوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

صحافیوں نے نواز شریف کے ایک گارڈ کو پکڑ لیا جب کہ دوسرا فرار ہو گیا۔اس واقعے پر اب تک تمام حکومتی اور غیر حکومتی شخصیات کی جانب سے ردعمل سامنے آ چکا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سمیت حکومتی اراکین نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ واقعے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے فوری ایکشن لے لیا ہے۔ایکشن لیتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے نواز شریف کے گارڈز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ۔علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کے احاطے میں پر قسم کے نجی گارڈز کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کوئی جتنا بھی بڑا لیڈر ہے،اپنے نجی گارڈز کوباہر چھوڑ کر آئے۔اس پر ردعمل دیتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ شکر کریں کہ میں اس وقت وہاں موجود نہیں تھا ورنہ نواز شریف اور ان کے گارڈ کو سزا کے بغیر نہ جانے دیتا۔انکا کہنا تھا کہ صرف مذمتی بیان سے کام نہیں چلے گا بلکہ نواز شریف کو معافی مانگنی ہوگئ۔