ْنامو س رسالت، ختم نبوت،اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے، جما عت اہلسنّت

جما عت اہلسنّت کراچی عہدیداران کے اجلاس سے مولانا ابرار رحمانی ،حاجی حنیف طیب ،حفیظ معارفی کا خطاب

پیر 17 دسمبر 2018 19:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے عہدیداران کا اجلا س جامع مسجد شہدامیلاد لائنز ایریا میں مولانا ابرار احمد رحمانی کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں حاجی حنیف طیب ،مولانا عبد الحفیظ معارفی،علامہ رئیس قادری نے بھی اظہار خیال کیا ۔مولانا ابرار احمد رحمانی نے کہا کہ نامو س رسالت و ختم نبوت اور اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

مذہبی قوتوں کو دیوار سے لگانے کی سازشیں بند کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت و رًد قادیانت کے حوالے سے علماء کا بات کرنا جرم بنتا جا رہا ہے۔ قومی اسمبلی میں شراب پر پابندی کا بل مسترد ہونا، ایسا لگتا ہے منظم سازش کے تحت پاکستان میں سیکولر ازم کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جما عت اہلسنّت ناموس رسا لت ،عقیدہ ختم نبوت اور نظریہ پاکستان کو اجاگر کرنے کیلئے عوامی بیداری مہم چلائے گی۔

اجلاس سے حاجی حنیف طیب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حقیقی مقاصد پورے کرنے کیلئے مملکت کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ناگزیر ہے جس کیلئے نظام مصطفی کا عملی نفاذ ضروری ہے۔ پاکستان سیکولر نہیں مذہبی بنیادوں پر قائم ہوا ۔ دینی معاملات میں بے جا حکومتی مداخلت کسی کے مفاد میں نہیں۔ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے حکمرانوں کا دیانت دار ہونا ضروری ہے۔

آسیہ ملعونہ کے مقدمہ میں نظر ثانی اپیل کی فوری سما عت شروع کی جائے اس مسئلے پر اہل ایمان شدید ذہنی کرب و اضطراب کا شکار ہیں۔ اجلاس میں متفقہ طور پر طے پایا کہ برتھ کنٹرول اور قومی اسمبلی میں شراب پر پابندی کے بل کو مسترد کرنے کے حوالے سے اراکین اسمبلی سے متعلق مفتیان کرام سے رجوع کیا جائے گا ۔ اجلاس میں سیدعبد الوہاب قادری ،سید عبد القادر شاہ شیرازی، مولانا اکرام المصطفیٰ،سید رفیق شاہ،سید راشد علی قادری،مفتی ناصر خان ، مولانا عاشق سعیدی،مولانا شوکت سیالوی،مولانا سعید احمد قاسمی،جمیل احمد امینی،مفتی مرتضیٰ مہروی،مفتی بلا ل قادری،مولانا فخر الحسن،غفران احمد،جاوید قادری،قاری اسحاق خلیلی،مفتی عبد الصمد،مولانا معراج الدین اختر القادری،سلیم الدین راجپوت،مولانا محی الدین قادری،مولانا جنید ہاشمی،عباس باروی،نفیس قادری،آصف قادری،یار محمد سعیدی،مسرور عزیزی،مولانا عبد الحمید معارفی،سلیم نقشبندی،حافظ ارشاد احمد ،اشفاق لودھی،قاری انصر سعیدی،نوید عباسی،محفوظ قادری،اشرف اعوان و دیگر بھی موجود تھے۔