مقبوضہ کشمیر میں مارچ، یاسین ملک اور میرواعظ گرفتار

مظفر آباد میں بھی بھارتی قابض فوج کے تشدد کے خلاف احتجاجی ریلی، وقت آگیاہے کہ بھارت کشمیریوں سیحق خودارادیت دینے کاعالمی وعدہ پوراکرے،اسد عمر

پیر 17 دسمبر 2018 20:08

ْ سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی ہیڈ کوارٹرزکی جانب حریت کانفرنس کے احتجاجی مارچ کے دوران قابض انتظامیہ نے شیلنگ کر دی، جبکہ حریت رہنما یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق کو حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حریت قیادت کی احتجاجی مارچ کی کال پر قابض انتظامیہ نے سری نگر میں جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر دی اور مختلف علاقوں کو فوجی چھائونی بنادیا ۔

(جاری ہے)

رکاوٹیں توڑ کر احتجاجی مارچ میں شامل ہونے والے حریت رہنما یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق کو قابض پولیس نے حراست میں لے لیا جبکہ مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف پوری پاکستانی قوم بھی سراپا احتجاج بن گئی، پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی گئی ، جس میں عالمی برادری سے کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کے لیے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ادھر مظفر آباد میں بھی بھارتی قابض فوج کے تشدد کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں طلبہ وطالبات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔وزیرخزانہ اسدعمر کہتے ہیں کہ وقت آگیاہے کہ بھارت کشمیریوں سیحق خودارادیت دینیکاعالمی وعدہ پوراکرے۔