رہا ہونے والا پادری مذہبی مبلغ نہیں سی آئی اے کا ایجنٹ تھا ، ترکی

برونسن کو ترک عدالت نے دہشت گردی کی حمایت کے جرم میں تین سال ڈیڑھ ماہ کی قید کا حکم دیا تھا ، 2016ء سے زیر حراست تھے، قید کی یہ مدت بھگت چکے تھے،اس لیے عدالت نے انھیں رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا

پیر 17 دسمبر 2018 20:45

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2018ء) ترک وزیر خارجہ مولود شاوش اوغلو نے دوحہ فورم میں شرکت کے موقع پر دعویٰ کیا ہے کہ امریکی پادری اینڈریو برونسن کوئی مذہبی مبلغ نہیں بلکہ امریکا کے مرکزی خفیہ ادارے سی آئی اے کا ایجنٹ تھا۔ترک وزیر خارجہ کے اس بیان کا امریکا میں مضحکہ اڑایا جا رہا ہے اور بعض نے اس کو مذاق قرار دیا ہے۔

مولود شاوش اوغلو نے کہا کہ’’ ہر کوئی اس پادری برونسن پر توجہ مرکوز کررہا تھا۔ وہ سی آئی اے کا ایجنٹ بھی تھا۔میں صدر ایردوآن کی طرح دوٹوک بات کرنے والا شخص ہوں لیکن ہمارے دوطرفہ تعلقات میں یہ ایک بہت معمولی معاملہ تھا۔ہمیں اس سے زیادہ سنگین مسائل درپیش ہیں‘‘۔برونسن کو اکتوبر میں ترکی کی ایک عدالت نے رہا کرنے کا حکم دیا تھا اور وہ اس کے بعد وطن واپس جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ دو سال تک جاسوسی اور دہشت گرد گروپوں کی حمایت کے الزام میں ترکی میں زیر حراست رہے تھے۔برونسن کو ترک عدالت نے دہشت گردی کی حمایت کے جرم میں تین سال اور ڈیڑھ ماہ کی قید کا حکم دیا تھا لیکن وہ 2016ئ سے زیر حراست تھے اور قید کی یہ مدت بھگت چکے تھے،اس لیے عدالت نے انھیں رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔عینی شاہدین کے مطابق امریکی پادری عدالت کا یہ فیصلہ سننے کے بعد رو دیے تھے اور انھوں نے قبل ازیں عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ میں ایک بے گناہ شخص ہوں اور میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور ترکی سے محبت کرتا ہوں‘‘۔

عیسائی مذہب کے مبلغ برونسن امریکا کی ریاست شمالی کیرولینا سے تعلق رکھتے تھے اور وہ ترکی میں بیس سال سے زیادہ عرصے سے مقیم رہے تھے۔ان کی گرفتاری پر امریکا نے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پر سخت احتجاج کرتے ہوئے ترکی سے آنے والی درآمدات پر محصولات کے علاوہ بعض پابندیاں بھی عاید کردی تھیں۔ترک حکام نے پادری برونسن پر کرد جنگجوؤں اور امریکا میں مقیم ترک عالم فتح اللہ گولن کے حامیوں سے روابط کے الزام میں فرد جرم عاید کی تھی لیکن انھوں نے ان الزامات کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ ان کا ان سے کسی قسم کا تعلق نہیں ہے۔۔