Live Updates

پاکستان کے تعاون سے ابوظہبی میں امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا آغاز

امید ہے مذاکرات سے افغانستان میں جاری قتل و غارت کا خاتمہ ہوگا اور خطے میں امن قائم ہوگا ،ْپاکستان طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی ہونے والے مذاکرات میں امریکی عہدیداران سے ملاقات کرنے کی تصدیق

پیر 17 دسمبر 2018 20:48

ابو ظہبی/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) افغانستان میں جاری جنگ کے سیاسی حل کیلئے پاکستان کی کوششوں سے متحدہ عرب امارات میں امریکہ اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کا آغاز ہوا۔پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ اسلام آباد بین الاقوامی برادری اور دیگر فریقین کے ساتھ جنگ کا شکار پڑوسی ملک افغانستان میں امن کے قیام کیلئے پرعزم ہے۔

متحدہ عرب امارات کے شہر ابو ظبی میں مذاکرات سے قبل ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹ کیا کہ مذاکرات متحدہ عرب امارات میں ہورہے ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ مذاکرات سے افغانستان میں جاری قتل و غارت کا خاتمہ ہوگا اور خطے میں امن قائم ہوگا۔

(جاری ہے)

ایک سینئر پاکستانی عہدیدار نے تصدیق کی تھی کہ افغان امن عمل کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد مذاکرات میں امریکی وفد کی نمائندگی کررہے ہیں۔

عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط کے بعد پاکستان نے مذاکرات میں معاونت کی۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ارسال کیے گئے مختصر بیان میں ہونے والے مذاکرات میں امریکی عہدیداران سے ملاقات کرنے کی تصدیق کی۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر میزبان ملک متحدہ عرب امارات، پاکستان اور سعودی عرب کے نمائندگان بھی موجود ہوں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو طالبان کیساتھ مذاکرات میں تعاون کی درخواست کے لیے لکھے گئے خط کے دوہفتوں بعد وزیر اعظم نے پاکستان کی جانب سے امریکا اور افغان طالبان مذاکرات میں سہولت کاری فراہم کرنے کی تصدیق کی تھی۔کابل میں امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ ،ْ پاکستان کی جانب سے تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد مذاکرات کے ذریعے افغانستان کے حل کے لیے طالبان سمیت تمام فریقین سے ملاقات کی ہے اور ملاقات کرتے رہیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات