لاکھ گھروں کے لئے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کو پارٹنر شپ کی دعوت دیتاہوں‘زمین ہم فراہم کریں گے،

آپ تعمیر کریں اور مستحق لوگوں کو فراہم کریں گورنر سندھ عمران اسماعیل کا حیدرآباد میں سیلانی اپنا گھر اسکیم III کے 200 فلیٹس کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

پیر 17 دسمبر 2018 21:09

لاکھ گھروں کے لئے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کو پارٹنر شپ کی دعوت دیتاہوں‘زمین ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ 50 لاکھ گھروں کا اعلان جو وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے کیا گیا ہے، اس میں رہنمائی کیلئے میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کو پارٹنر شپ کی دعوت دیتا ہوں اس ضمن میں زمین ہم فراہم کریں گے آپ اسے تعمیر کریں اور مستحق لوگوں کو فراہم کریں، اس کار خیر کیلئے جلد وزیر اعظم سے 5 ہزار فلیٹوں کیلئے زمین لے کر دیں گے، جس طرح آپ کا ادارہ لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہا ہے وہ متاثر کن ہے۔

پیر کو گورنر ہائوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ حیدرآباد کی جانب سے کم آمدنی والے افراد کو 92 فلیٹس کی چابیوں کی تقسیم اور ''سیلانی اپنا گھر اسکیم III '' کے 200 فلیٹس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا، ایم پی اے حلیم عادل شیخ، ایم پی اے ندیم صدیقی، سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا محمد بشیر احمد فاروقی سمیت دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ہی بہادر آباد میں سیلانی ویلفیئر کی جانب سے کئے جانے والے فلاحی اقدامات دیکھنے کا اتفاق ہوا جس نے بہت متاثر کیا، میں نے انسانی خدمت کا اعلیٰ ترین معیار سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ میں دیکھا اس ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایک کروڑ روپے کا روزانہ کھانا کھلایا جاتا ہے، کراچی شہر میں کوئی بھوکا نہیں سوتا، یہ سب حکومتی ذمہ داریوں میں شامل ہے لیکن جب حکومتیں عوام کو یہ سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہو جاتی ہیں تب سیلانی ویلفیئر جیسے ادارے سامنے آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلانی ویلفیئر ہو یا عبد الستار ایدھی یہ تمام فلاحی ٹرسٹ امریکا یا یورپ میں نہیں چل سکتے کیوں کہ وہاں کی حکومتیں اپنے عوام کا خیال کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی حال ہی میں وزیراعظم پاکستان نے مجھے شیلٹر ہوم کے انتظامات کیلئے کہا تھا میں آپ سے گذارش کرتا ہوں کہ شیلٹر ہوم کے منصوبے میں بھی ہماری معاونت کریں، ہم اسے فوری طور پر شروع کرنا چاہتے ہیں اس کیلئے ہم نے لوکیشن بھی دیکھی ہے، ہمارے وزیر اعظم کو اس بات کا بہت ملال ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس سردی کے موسم جو بچے بوڑھے اور دیگر سڑکوں پر سو رہے ہیں انہیں یہ شیلٹر ہوم فراہم کئے جائیں جہاں ان کی خوراک کا بھی بندو بست ہو۔

انہوں نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے کم آمدنی والے افراد کیلئے بنائے گئے اپارٹمنٹس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپارٹمینٹس جتنی کم قیمت میں بنائے گئے ہیں یہ صرف ایماندار اور دیانتدار ادارہ ہی کام کر سکتا ہے ، 11 ہزار روپے ماہانہ میں تو صرف موٹر سائیکل ملتی ہے آپ نے عوام کو اپارٹمنٹس فراہم کر دیئے۔