قومی ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی ، استعفوں کا سلسلہ شروع

ہیڈ کوچ توقیر ڈار کے بعد ٹیم منیجر حسن سردار نے بھی عہدے سے استعفیٰ دیدیا،ورلڈ کپ تک کیلئے ہاکی فیڈریشن سے معاہدہ کیا تھا، فیڈریشن میں مزید آگے کام نہیں کرنا چاہتا، حسن سردار

پیر 17 دسمبر 2018 21:14

قومی ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی ، استعفوں کا سلسلہ شروع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2018ء) ہاکی ورلڈ کپ 2018 میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سے ٹیم مینجمنٹ کے استعفوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ہاکی ٹیم کے کوچ توقیر ڈار کے بعد ٹیم مینیجر حسن سردار نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس متعلق حسن سردار کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ تک کیلئے ہاکی فیڈریشن سے معاہدہ کیا تھا، فیڈریشن میں مزید آگے کام نہیں کرنا چاہتا۔

واضح رہے کہ حسن سردار کی موجودگی میں قومی ٹیم نے ایشین گیمز، چیمپینز ٹرافی، اور ورلڈ کپ میں شکست کھائی جبکہ ایشین چیمپینز ٹرافی میں ٹیم نے بارش کے باعث بھارت کے ساتھ ٹرافی شیئرکی تھی۔قومی ہاکی ٹیم بھارت میں جاری ورلڈ کپ 2018 میں پری کوارٹر فائنل مرحلے سے باہر ہو گئی تھی۔ ناک آئوٹ مرحلے میں قومی ٹیم کو بیلجیئم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

چار مرتبہ کا ورلڈ چمپئن پاکستان اس ورلڈ کپ میں ایک میچ بھی نہ جیت سکا۔ پاکستان نے ایونٹ میں مجموعی طور پر چار میچز کھیلے، تین میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ برابر رہا۔ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدربریگیڈئیر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے تحقیقاتی کمیشن بنانے کا اعلان کر رکھا ہے جوورلڈکپ 2018 میں شکست اورقومی ہاکی ٹیم کے زوال کی تحقیقات کرے گا۔۔