Live Updates

مسرت جمشید چیمہ نے ہاکی کے گرتے معیار کے خلاف تحریک التوا ئے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی

پیر 17 دسمبر 2018 21:26

لاہور ۔17دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) قومی کھیل ہاکی کے گرتے معیار کے خلاف تحریک التوا ئے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ۔تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہاکی کے عالمی مقا بلوں میں بیشمار فتوحات اور کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ کر ہاکی کی دنیا میں اعلی مقام حاصل کیا تھا۔

پاکستان کی عالمی مقابلوں میں مسلسل فتوحات اور کامیابیوں کی بڑی وجہ یہ تھی کہ نوجوان کھلاڑی قومی کھیل ہاکی سے جنون کی حد تک محبت کرتے تھے۔پاکستان ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ2018 میں مایوس کن کارکردگی اور مسلسل شکست پاکستانیوں کے لئے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ ہاکی کے گرتے ہوئے معیار نے پاکستان کے ہر شہری کو پریشانی اور اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے کہ کبھی ہاکی کا تاج پاکستان کے سر پر ہوتا تھا اور اب ہماری عالمی مقابلوں میں آخری پوزیشن ہے۔

(جاری ہے)

ہاکی کے کھیل میں ہماری مسلسل ناکامیوں کی بنیادی وجوہات یہ ہیں کہ ہمارے تعلیمی اداروں سے ہاکی کے کھیل کو دیدہ دانستہ باہر نکال دیا گیا ہے۔کلب سسٹم کو تباہ و برباد کیا گیا اور نئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی۔ہاکی فیڈریشن کے مالی و انتظامی معاملات انتہائی گھمبیر صورتحال اختیار کئے ہوئے ہیں۔سابق حکومتیں ہاکی کی سرپرستی کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہیں اور اپنی ذمہ داری سے فرار اختیار کرتی رہی ہیں ۔جس کی وجہ سے نوجوان کھلاڑیوں کی تلاش میں ناکامی بھی پاکستان ہاکی کی مسلسل ناکامیوں کی وجہ ہے۔تحریک میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کی ساکھ اور معیار کو بحال کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات