پاکستان ریلوے کا مسافر ٹرینوں کے ساتھ مال بردار گاڑیوں کی تعداد بھی بڑھانے کا فیصلہ

پیر 17 دسمبر 2018 21:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) پاکستان ریلویز نے مسافر ٹرینوں کے ساتھ مال بردار گاڑیوں کی تعداد بھی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں فوری طور پر نئی فریٹ ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔ 25 دسمبر کو کراچی سے ایک کنٹینر فریٹ ٹرین چلائی جائے گی اور 25 جنوری کو دوسری کنٹینرفریٹ ٹرین کا آغاز ہوگا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اس سلسلہ میں ہدایات جاری کردی ہیں۔

ذرائع کے مطابق مسافر ٹرین رحمان بابا ایکسپریس 23 تاریخ کو کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ 25 دسمبر کو کراچی سے ایک کنٹینر فریٹ ٹرین کا آغاز ہوگا اور 25 جنوری کو دوسری کنٹینرفریٹ ٹرین چلے گی۔ اس حوالے سے پی آر ایف ٹی سی کو 23 مارچ سے پہلے پہلے چار کنٹینر فریٹ ٹرینیں چلانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ فریٹ ٹرینوں کی تعداد بھی 10 سے 15 تک ہو جائے گی۔ ٹریکنگ سسٹم بھی شروع کیا جارھا ہے۔ 25 دسمبر سے ٹریکنگ سسٹم پر کام شروع ہوجائے گا۔ٹریکر سسٹم سے لوگ اپنے موبائل فون سے دیکھ سکیں گے کہ کونسی ٹرین کہاں پہنچی ہے، اگلے اسٹیشن پر کب پہنچے گی اور کتنی لیٹ ہے۔ اگلے دس سے پندرہ دن میں یہ سہولت عوام کو میسر ہوگی۔