Live Updates

موجودہ جمہوری حکومت منظم اور بھرپور عوامی تحریک کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے،عمران خان

ہمارا مقصد عوام کی حقیقی سماجی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ملک کی معاشی ترقی یقینی بنانا ہے، ممبران پر بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ ان مقاصد کے حصول کو ممکن بنائیں،۔وزیر اعظم کی فیصل آباد ڈویڑن اور گوجرانوالہ ڈویڑن سے تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ممبران قومی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو

پیر 17 دسمبر 2018 21:36

موجودہ جمہوری حکومت منظم اور بھرپور عوامی تحریک کے نتیجے میں وجود میں ..
اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوری حکومت ایک منظم اور بھرپور عوامی تحریک کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے جس کا مقصد عوام کی حقیقی سماجی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ملک کی معاشی ترقی یقینی بنانا ہے۔ اس ضمن میں ممبران پر بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ ان مقاصد کے حصول کو ممکن بنائیں۔

وزیر اعظم سے پیر کو فیصل آباد ڈویڑن اور گوجرانوالہ ڈویڑن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ممبران قومی اسمبلی کی وزیراعظم آفس میں ملاقات۔ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق بھی موجود تھے۔ ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل کے حل, ترقیاتی منصوبوں، نوجوانوں اور ہنر مند افراد کے لیے روزگار کی فراہمی، چھوٹے صنعتکاروں کو درپیش مشکلات کے حل، کاشتکاروں کو جائز منافع یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں فیصل آباد شہر اور گوجرانوالہ ڈویڑن کے مسائل خصوصی طور پر فیصل آباد میں ہائی کورٹ کے بینچ کے وکلائ کے مطالبے کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر مزید کہا کہ فیصل آباد صنعتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے۔ ماضی میں شہر کی ترقی اور عوام کے مسائل کو حل کرنے پر کوئی خصوصی توجہ نہیں دی گئی۔

وزیراعظم نے ممبران کو یقین دلایا کہ تمام مسائل کے حل کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کو ممبران سے ملاقات کرکے ان کے حلقوں کے مسائل مقامی قیادت کی مشاورت سے حل کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے گی۔ وزیراعظم نے ممبران قومی اسمبلی کو فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویڑن میں عوامی فلاح وبہبود اور سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات کیں اور ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے لیے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

وزیراعظم نے فیصل آباد ڈویڑن سے متعلقہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی 7 رکنی کمیٹی کو ٹاسک سونپ دیا جس کی مشاورت سے عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے ممبران کو عوام سے مستقل رابطے میں رہنے کی تاکید کی اور وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ممبران اسمبلی میں چوہدری محمد عاصم نذیر، نواب شیر، رضا نصراللہ گھمن، خرم شہزاد، فرخ حبیب، فیض اللہ، راجہ ریاض احمد، ریاض فتیانہ، صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، جناب محمد امیر سلطان، محترمہ غلام بی بی بھروانہ ،سیدفیض الحسن ، حاجی امتیاز احمد چوہدری ،چوہدری شوکت علی بھٹی ،محترمہ تاشفین صفدرچوہدری اور محترمہ وجہیہ اکرم شامل تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات