Live Updates

موجودہ حکومت کا مقصد عوام کی حقیقی سماجی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ملک کی معاشی ترقی یقینی بنانا ہے،عمران خان

فیصل آباد صنعتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے، وزیراعلی پنجاب کو تمام ممبران کے مسائل مقامی قیادت کی مشاورت سے حل کرنے کی ہدایت کرونگا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن میں عوامی فلاح وبہبود اور سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم کی فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے ممبران قومی اسمبلی سے گفتگو

پیر 17 دسمبر 2018 22:00

موجودہ حکومت کا مقصد عوام کی حقیقی سماجی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت منظم اور بھرپور عوامی تحریک کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے ،مقصد عوام کی حقیقی سماجی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ملک کی معاشی ترقی یقینی بنانا ہے، فیصل آباد صنعتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے، وزیراعلی پنجاب کو تمام ممبران کے مسائل مقامی قیادت کی مشاورت سے حل کرنے کی ہدایت کرونگا،فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن میں عوامی فلاح وبہبود اور سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے یہ بات فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ممبران قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

ملاقات کرنیوالے ممبران اسمبلی میں چوہدری محمد عاصم نذیر، نواب شیر، رضا نصراللہ گھمن،خرم شہزاد،فرخ حبیب،فیض اللہ، راجہ ریاض احمد، ریاض فتیانہ، صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، محمد امیر سلطان، غلام بی بی بھروانہ ،سیدفیض الحسن ، حاجی امتیاز احمد چوہدری ،چوہدری شوکت علی بھٹی ،تاشفین صفدرچوہدری اور وجہیہ اکرم شامل تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق بھی موجود تھے۔ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں، نوجوانوں اور ہنر مند افراد کیلئے روزگار کی فراہمی، چھوٹے صنعتکاروں کو درپیش مشکلات کے حل، کاشتکاروں کو جائز منافع یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔ملاقات میں وزیراعظم کو فیصل آباد شہر اور گوجرانوالہ ڈویژن کے مسائل خصوصی طور پر فیصل آباد میں ہائیکورٹ کے بینچ کے وکلاء کے مطالبے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت ایک منظم اور بھرپور عوامی تحریک کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے جس کا مقصد عوام کی حقیقی سماجی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ملک کی معاشی ترقی یقینی بنانا ہے، اس ضمن میں ممبران پر بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ ان مقاصد کے حصول کو ممکن بنائیں۔انہوں نے کہاکہ فیصل آباد صنعتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے، ماضی میں شہر کی ترقی اور عوام کے مسائل کو حل کرنے پر کوئی خصوصی توجہ نہیں دی گئی۔

وزیراعظم نے ممبران اسمبلی کو یقین دلایا کہ تمام مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کو ممبران سے ملاقات کرکے ان کے حلقوں کے مسائل مقامی قیادت کی مشاورت سے حل کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جائیگی۔وزیراعظم نے ممبران قومی اسمبلی کو فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن میں عوامی فلاح وبہبود اور سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات کیں اور ہائی کورٹ بینچ کے قیام کیلئے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے کہاکہ فیصل آباد ڈویژن سے متعلقہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی 7 رکنی کمیٹی کو ٹاسک سونپ دیا جس کی مشاورت سے عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعظم نے ممبران کو عوام سے مستقل رابطے میں رہنے کی تاکید کی اور وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات