وزیر اعظم کی طرف 50لاکھ گھروں کے اعلان پر رہنمائی کیلئے میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کوپارٹنر شپ کی دعوت دیتا ہوں، گورنر سندھ

کراچی شہر میں کوئی بھوکا نہیں سوتا، یہ سب حکومتی ذمہ داریوں میں شامل ہے لیکن جب حکومتیں عوام کو یہ سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہو جاتی ہیں

پیر 17 دسمبر 2018 22:00

وزیر اعظم کی طرف 50لاکھ گھروں کے اعلان پر رہنمائی کیلئے میں سیلانی ویلفیئر ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ 50لاکھ گھروں کا اعلان جو وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے کیا گیا ہے اس میں رہنمائی کیلئے میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کوپارٹنر شپ کی دعوت دیتا ہوں، اس سلسلے میں زمین ہم فراہم کرینگے آپ اسے تعمیر کریں اور مستحق لوگوں کو فراہم کریں، ان شاء اللہ اس کار خیر کیلئے جلد وزیر اعظم پاکستان سے 5ہزار فلیٹوں کیلئے زمین لیکر دونگا جس طرح آپ کا ادارہ لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہا ہے وہ متاثر کن ہیں۔

وہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ حیدرآباد کی جانب سے کم آمدنی والے افراد کو 92فلیٹس کی چابیوں کی تقسیم اور ''سیلانی اپنا گھر اسکیم III ''کے 200فلیٹس کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر وفاقی وزیر فیصل وائوڈا ، ایم پی اے حلیم عادل شیخ ، ایم پی اے ندیم صدیقی ، سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئر مین مولانا محمد بشیر احمد فاروقی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ہی بہادر آباد میں سیلانی ویلفیئر کی جانب سے کیے جانے والے فلاحی اقدامات دیکھنے کا اتفاق ہوا جس نے بہت متاثر کیا میں نے انسانی خدمت کا اعلیٰ ترین معیار سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ میں دیکھا ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایک کروڑ روپے کا روزانہ کھانہ کھلایا جاتا ہے ، کراچی شہر میں کوئی بھوکا نہیں سوتا، یہ سب حکومتی ذمہ داریوں میں شامل ہے لیکن جب حکومتیں عوام کو یہ سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہو جاتی ہیں تب سیلانی ویلفیئر جیسے ادارے سامنے آتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سیلانی ویلفیئر ہویا عبد الستار ایدھی یہ تمام فلاحی ٹرسٹ امریکا یا یورپ میں نہیں چل سکتے کیونکہ وہاں کی حکومتیں اپنے عوام کا خیال رکھتی ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے مجھے شیلٹر ہوم کے انتظامات کیلئے کہا تھا میں آپ سے گذارش کرتا ہوں کہ شیلٹر ہوم کے منصوبے میں بھی ہماری معاونت کریں ہم اسے فوری طور پر شروع کرنا چاہتے ہیں اس کیلئے ہم نے لوکیشن بھی دیکھی ہے، موسم سرما میں جو بچے بوڑھے اور دیگر سڑکوں پر سو رہے ہیں انہیں یہ شیلٹر ہوم فراہم کیے جائیں جہاں انکی خوراک کا بھی بندو بست ہو، انہوں نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے کم آمدنی والے افراد کیلئے بنائے گئے اپارٹمینٹس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپارٹمنٹس جتنی کم قیمت میں بنائے گئے ہیں یہ کام صرف ایماندار اور دیانتدار ادارہ ہی کام کر سکتا ہے ، 11ہزار روپے ماہانہ میں تو صرف موٹر سائیکل ملتی ہے آپ نے عوام کو اپارٹمینٹس فراہم کر دیئے۔