پیمرا نی اوپن بولی کے ذریعے نئے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کے لائسنسوں کی منظوری دیدی

پیر 17 دسمبر 2018 22:10

پیمرا نی اوپن بولی کے ذریعے نئے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کے لائسنسوں کی منظوری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے غوروخوض کے بعد اوپن بولی کے ذریعے نئے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کے لائسنسوں کی منظوری دیدی ہے۔ ترجمان پیمرا کے جاری بیان کے مطابق سیٹلائٹ ٹی وی چینلز لائسنسوں کے اجراء کا عمل لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ کے باعث روک دیا گیا تھا جس میں ہدایت کی گئی تھی کہ پیمرا کے مستقل چیئرمین کی تعیناتی کے بعد معاملہ کو دوبارہ مشتہر کیا جائے۔

اتھارٹی نے عدالتی احکامات کی روشنی میں متعدد لائسنسوں کے اجراء کا بھی فیصلہ کر رکھا ہے۔ اتھارٹی نے پیمرا ٹیلی ویژن براڈ کاسٹ سٹیشن آپریشنز 2012ء اور سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کے لائسنسوں/ڈائریکٹرز کی سکیورٹی کلیئرنس کے حوالہ سے قواعد میں ترمیم کی بھی منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

اتھارٹی نے پنجاب فوڈ اتھارٹی لاہور اور بیکن ہائوس نیشنل یونیورسٹی لاہور کے دو غیر کمرشل ایف ایم ریڈیو لائسنسوں کے اجراء کی بھی منظوری دی ہے۔

اسی طرح ایک موبائل ٹی وی (ویڈیو اینڈ آڈیو مواد کی فراہمی) سروسز کا لائسنس جاری کرنے کی بھی منظوری دی جو آئیڈیشن پرائیویٹ لمیٹڈ اسلام آباد اور دو انٹرنیٹ پروٹوکول ٹیلی ویژن ڈسٹری بیوشن لائسنسز کی بھی منظوری کے علاوہ اتھارٹی نے ڈی ٹی ایچ لائسنسنگ کی حیثیت پر بھی نظرثانی کی اور قانون کے مطابق مناسب فیصلہ لیا ہے۔ اتھارٹی کے اراکین نے وفاقی حکومت کی نمائندگی کے آرڈیننس میں ترمیم کی روشنی میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات کا بطور ممبر خیرمقدم کیا۔

پیمرا کے 146ویں اجلاس کی صدارت چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ کر رہے تھے جبکہ سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل اور دیگر اراکین بشمول پنجاب سے نرگس ناصر، کے پی سے شاہین حبیب الله، سندھ سے سرفراز خان جتوئی، چیئرمین پی ٹی اے محمد نوید اور ایگزیکٹو ممبر پیمرا اشفاق جمانی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔