کوہاٹ پولیس کاماہ رواں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز

پیر 17 دسمبر 2018 22:12

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) کوہاٹ پولیس نے ماہ رواں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز میں 60مطلوب اشتہاریوںاور 13سہولت کاروں سمیت 453مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ زیر حراست افراد میں متعدد افغان باشندے بھی شامل ہیں جبکہ ضلع بھر میں انسداد منشیات کے حوالے سے جاری خصوصی کریک ڈائون کے دوران 18منشیات فروش بھی دھر لئے گئے ہیں۔

سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائیوں میں گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ ومنشیات کی بھاری کھیپ بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کے خصوصی احکامات کی روشنی میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت مجرمانہ سرگرمیوںکے انسداد اور امن وامان کی صورتحال یقینی بنانے کے حوالے سے ضلع بھر میں پولیس کا بھر پور سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری ہے اور انسداد منشیات کے سلسلے میں جاری خصوصی کریک ڈائون میں بھی پولیس کو اہم کامیابیاں ملی ہیں ۔

(جاری ہے)

نیشنل ایکشن پلان کی عملداری کے سلسلے میںماہ رواں کی گزشتہ پندروزہ کارروائیوں کے دوران ضلعی پولیس نے شہر اور مضافات کے مختلف علاقوں میں اچانک چیکنگ،چھاپہ مار کارروائیوں اور سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کے نتیجے میں قتل واقدام قتل، اغواء ،رہزنی،بھتہ خوری اور سکیورٹی فورسز پر حملوں کی وارداتوں میں مطلوب 60اشتہاریوں اور انکی13سہولت کاروں سمیت 453مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر 6کلاشنکوف،5 ریپیٹر،7رائفل،22شاٹ گن،60پستول اور مختلف بور کے 6000کارتوس برآمد کرلی ہیں۔

پولیس نے تلاشی آپریشن کے دوران مختلف علاقوں میں سفری و شناختی دستاویزات کے بغیر مقیم 5افغان باشندوں کو بھی گرفتار کرکے انکے خلاف ملک بدر کرنے کی قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے ضلع بھر میں منشیات کے خلاف خصوصی کریک ڈائون عمل میں لاتے ہوئے مختلف مقامات سے 17منشیات فروشوں کو بھی حراست میں لیا ہے جنکے قبضے سے مجموعی طور پر 50کلو گرام چرس،860گرام ہیروئن،250گرام افیون اور 5بوتل دیسی شراب برآمد کرکے تحویل میں لئے گئے ہیں۔

ماہ رواں پولیس نے کرایہ کے گھروں میں بغیر رجسٹریشن مقیم 16افراد کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلئے ہیں جبکہ تعلیمی اداروں ،ہوٹل وسرایوں اور دیگر حساس مقامات کی چیکنگ کے دوران غیر مئوثر سیکیورٹی انتظامات پر 7نجی کاروباری مراکز کی انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔پولیس نے وی وی ایس ،آئی وی ایس اور سی آر وی ایس کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے 33ہزار چھوٹی بڑی گاڑیوں بشمول موٹر سائیکلوں اور مجموعی طور پر 49980افرادکا ڈیٹا چیک کیا جن میں 136افراد کو زیر دفعہ 107/151اور 80افراد کو 55/109کے تحت گرفتار کر کے چالان عدالت کیا گیاجبکہ نان رجسٹرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ 90موٹر سائیکلیں تحویل میں لیکر مزید چھان بین کیلئے متعلقہ تھانوں میں بندکردئیے گئے۔

اسی طرح ہوائی فائرنگ کے سد باب کے حوالے سے ڈی پی او کی واضح ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کے نتیجے میں پولیس نے شہر اور مضافات کے مختلف علاقوں سے ہوائی فائرنگ کے مرتکب 26افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مختلف قسم کی33عدد ہتھیار اور درجنوں کارتوس برآمد کرلئے اور انکے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے انہیں پابند سلاسل کردیا گیا۔