مرزا غالب کا یوم پیدائش شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، ہماری خواہش ہے

کہ نوجوان نسل مرزا غالب کی شخصیت اور فن سے روشناس ہو، وزارت اطلاعات اور اس سے منسلک ادارے مرزا غالب کی سالگرہ کے موقع پر خصوصی پروگرامز ترتیب دیں وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا مرزا غالب کے یوم پیدائش کے موقع پر تقریبات اور پروگرامز کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

پیر 17 دسمبر 2018 22:30

مرزا غالب کا یوم پیدائش شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، ہماری خواہش ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مرزا غالب کا یوم پیدائش اس سال شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، ہماری خواہش ہے کہ نوجوان نسل مرزا غالب کی شخصیت اور فن سے روشناس ہو، وزارت اطلاعات اور اس سے منسلک ادارے مرزا غالب کی سالگرہ کے موقع پر خصوصی پروگرامز ترتیب دیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے برصغیر کے عظیم شاعر مرزا غالب کے یوم پیدائش کے موقع پر تقریبات اور مختلف پروگرامز کو حتمی شکل دینے کے لیے پیر کو وزارت اطلاعات میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل،ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات زاہدہ پروین، ڈائریکٹر جنرل پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس جمال شاہ، جوائنٹ سیکرٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن سید جنید اخلاق، ادارہ فروغ قومی زبان کے سربراہ اور نامور شاعر افتخار عارف،مینجنگ ڈائریکٹر نیشنل بک فاونڈیشن ڈاکٹر انعام الحق جاوید، ڈائریکٹر جنرل اکادمی ادبیات پاکستان ڈاکٹر راشد حمید اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ شہیرہ شاہد سمیت دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مرزا غالب کا یوم پیدائش اس سال شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ہماری خواہش ہے کہ نوجوان نسل مرزا غالب کی شخصیت اور فن سے روشناس ہو۔ انھوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ غالب کی اہمیت کم نہیں ہوئی بلکہ بڑھی ہے جو ان کے فن کا کمال ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ غالب نے خط نگاری کو نیا اسلوب عطا کیا ۔وزیر اطلاعات نے ہدایت کی وزارت اطلاعات اور اس سے منسلک ادارے مشاعرے کے انعقاد سمیت مرزا غالب کی سالگرہ کے موقع پر خصوصی پروگرامز ترتیب دیں تاکہ برصغیر کے عظیم شاعر مرزا غالب کا یوم پیدائش شایان شان طریقے سے منایا جا سکے۔