پاکستان کو دوست مملک سے جلد 8 ارب ڈالر کا پیکج ملنے کا امکان

آئندہ 2 ہفتوں کے دوران چین سے 2 ارب ڈالرز، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 3 ارب ڈالرز کا پیکج ملنے کا امکان، جبکہ خلیجی ملک 3 ارب ڈالرز کا ادھار تیل بھی فراہم کرے گا

muhammad ali محمد علی پیر 17 دسمبر 2018 22:15

پاکستان کو دوست مملک سے جلد 8 ارب ڈالر کا پیکج ملنے کا امکان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 دسمبر2018ء) پاکستان کو دوست مملک سے جلد 8 ارب ڈالر کا پیکج ملنے کا امکان، آئندہ 2 ہفتوں کے دوران چین سے 2 ارب ڈالرز، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 3 ارب ڈالرز کا پیکج ملنے کا امکان، جبکہ خلیجی ملک 3 ارب ڈالرز کا ادھار تیل بھی فراہم کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کے اختتام تک پاکستان کو مزید دو ارب ڈالر سے زائد ملنے کا امکان ہے ،سعودی عرب کے بعد چین کی جانب سے بھی پاکستان کو مالیاتی پروگرام ملنے کا امکان ہے۔

وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق سی پیک منصوبے کے فریم ورک کے تحت پاکستان کو 2ارب ڈالر سے زائد ملنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ ہفتے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان مذکرات کا اہم دور بھی متوقع ہے ۔وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق چینی حکام کے ساتھ وزارت خزانہ اور پاکستان اسٹیٹ بینک کے اعلی حکام مذکرات کریں گے، جس کے بعد چین کی جانب سے مالیاتی پروگرام شارٹ ٹرم قرضے کے طور ملنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

چین سے ملنے والے قرض کے باعث پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہو گا اور پاکستان کی مالیاتی مشکلات میں بھی کمی ہوجائیگی۔ دوسری جانب متحد عرب امارات کیساتھ معاشی تعلقات میں انتہائی مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور جنوری 2019ءمیں 6 بلین ڈالر پیکیج ملنے کا امکان ہے جیسا کہ سعودی عرب نے دیا تھا۔ متحدہ عرب امارات حکومت 3 بلین ڈالرز زرمبادلہ کے ذخائر میں جمع کروائے گا اور 3 بلین ڈالر کا تیل دے گا جس کی ادائیگیاں تاخیر سے کی جائیں گی۔

سینئر حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے آئی ایم ایف کے پاس جانے کی جلدی نہ ہونے کا حالیہ بیان اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ یو اے ای کی جانب سے امداد ملنے والی ہے۔ اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ بیلنس آف پیمنٹ کا مسئلہ ختم ہو گیا ہے، انہیں معلوم ہے کہ چین اور یو اے ای کیساتھ معاملات میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان منظرنامے کے پیچھے ہونے والے مذاکرات اس قدر کامیابی کے قریب پہنچ گئے ہیں کہ دونوں ممالک ہی پاکستانی معیشت کو درپیش مسائل کے خاتمے کیلئے بیل آﺅٹ پیکیج دینے پر رضامند ہو چکے ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کے جاری کھاتوں میں خسارہ بڑھتا جارہا ہے اور پاکستان کو ادائیگیاں بھی کرنا ہیں اور اگر پاکستان کو چار سے پانچ ارب ڈالر دوست ممالک سے مل جاتے ہیں تو پاکستان کو آئی ایم ایف سے کم پیسے لینا ہونگے اور آئی ایم ایف کی شرائط بھی نرم ہوجائیں گی۔