ڈی جی ایف آئی اے کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹسز جاری

پیر 17 دسمبر 2018 23:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی ای) کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹسز جاری کر دیئے ۔ تفصیلات کے مطابق سابق ڈائریکٹر ایف آئی اے انعام غنی کی درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔ انعام غنی کی جانب سے وکیل خرم قریشی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

انعام غنی کے وکیل نے کہا کہ عدالتی احکامات پر ایف آئی اے نے عملدرآمد نہیں کیا، انعام غنی کو انکوائری کے نوٹسز گریڈ 19 کے آفیسر کیپٹن شعیب نے جاری کئے تھے۔ عدالت نے ایف آئی اے کو ہدایت کی تھی کہ سینئر آفیسر انعام غنی کو نوٹس جاری کرے، انعام غنی گریڈ 20 کے آفیسر ہیں، سینئر آفیسر انکوائری کا نوٹس جاری کرے۔ عدالت کے حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر کیپٹن شعیب اور ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری ہوئے ہیں۔ نوٹسز جاری کرتے ہوئے عدالت نے ایف آئی اے سے 10 دن کے اندر جواب طلب کر لیا۔