ہر روز گندی جرابیں سونگھنے کے عادی شخص کو پھیپھڑوں کا انفیکشن ہوگیا

Ameen Akbar امین اکبر پیر 17 دسمبر 2018 23:55

ہر روز گندی جرابیں سونگھنے  کے عادی شخص کو پھیپھڑوں کا انفیکشن ہوگیا

اگرکسی کو اپنی جرابیں سونگھنے کی عادت ہے تو ہوشیار ہو جائے۔استعمال شدہ گندی جرابوں کی بدبو  جان لیوا بھی ہو سکتی ہے۔ایک چینی شخص   اپنی گندی جرابیں سونگھنے  کی عادت کی وجہ سے  پھیپھڑوں کے انفیکشن  کا شکار ہوکر ہسپتال پہنچ گیا۔
سینے کے درد اور شدید کھانسی کے باعث ایک 37 سالہ چینی شخص، جس کا خاندانی نام پینگ بتایا گیا ہے، چین کے صوبے فوجیان کے ایک ہسپتال میں داخل ہوا۔

ایکسرے سے معلوم ہوا کہ اس کے پھیپھڑوں میں شدید انفیکشن ہے۔ مزید ٹسٹ پر پتا چلا ہے کہ یہ انفیکشن جرابوں میں پائے جانے والے ایک بیکٹریا کی وجہ سے ہے۔ جب ڈاکٹروں نے اس سے سوال کیے تو پینگ نے ہر روزاپنی جرابیں سونگھنے کا اعتراف کیا۔
پینگ نے بتایا کہ وہ کام پر سے واپس آ کر اپنی جرابیں نکال کر سونگھتا ہے اور پھر انہیں لانڈری کی ٹوکری میں پھینک دیتا ہے۔

(جاری ہے)

پینگ کا کہنا ہے کہ اسے کافی عرصے سے یہ عادت ہے۔
ڈاکٹروں کو یقین ہے کہ اس شخص کی جرابوں کی فنگس اس کے گہرے سانس لینے کی وجہ سے ان کے پھیپھڑوں میں پہنچ گئی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی انفیکشن نایاب ہوتی ہے، یہ کمزور مدافعتی نظام کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔
پینگ کو دن بھر کام کاج اور رات میں اپنے بچے کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔ ایسے میں پینگ کے پاس آرام کے لیے وقت نہیں ہوتا۔

ڈاکٹروں کے مطابق کام کی زیادتی اور آرام کی کمی بھی اس انفیکشن کی وجہ ہو سکتی ہے۔ آرام کی کمی جسم کے مدافعتی نظام کو کمزور کرتی ہے جو انفیکشن کا باعث ہوتا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے چونکہ پینگ انفیکشن کی ابتدائی سٹیج پر ہی ہسپتال میں داخل ہوگیا ہے اس لیے وہ مکمل صحت یاب ہو سکتا ہے۔
اس خبر کے چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اس پر دلچسپ ردعمل دیا ہے۔ ایک صارف نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وہ اپنی گندی جرابیں نہیں سونگھے گا۔ ایک دوسرے صارف نے تبصرہ کیا کہ وہ اپنی جرابوں کو ہر روز دھوئے گا۔

متعلقہ عنوان :