Live Updates

موجودہ جمہوری حکومت کا مقصد عوام کی حقیقی سماجی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ملک کی معاشی ترقی یقینی بنانا ہے

وزیراعظم عمران خان کی فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو

منگل 18 دسمبر 2018 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوری حکومت ایک منظم اور بھرپور عوامی تحریک کے نتیجہ میں وجود میں آئی ہے جس کا مقصد عوام کی حقیقی سماجی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ملک کی معاشی ترقی یقینی بنانا ہے۔ یہ بات انہوں نے فیصل آباد ڈویژن اور گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق بھی موجود تھے۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں، نوجوانوں اور ہنر مند افراد کیلئے روزگار کی فراہمی، چھوٹے صنعتکاروں کو درپیش مشکلات کے حل، کاشتکاروں کو جائز منافع یقینی بنانے کے حوالہ سے مختلف تجاویز پیش کیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں فیصل آباد شہر اور گوجرانوالہ ڈویژن کے مسائل خصوصی طور پر فیصل آباد میں ہائی کورٹ کے بنچ کے وکلاء کے مطالبہ کے حوالہ سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت ایک منظم اور بھرپور عوامی تحریک کے نتیجہ میں وجود میں آئی ہے جس کا مقصد عوام کی حقیقی سماجی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ملک کی معاشی ترقی یقینی بنانا ہے، اس ضمن میں ممبران پر بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ ان مقاصد کے حصول کو ممکن بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد صنعتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے، ماضی میں شہر کی ترقی اور عوام کے مسائل کو حل کرنے پر کوئی خصوصی توجہ نہیں دی گئی۔

وزیراعظم نے ممبران کو یقین دلایا کہ تمام مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کو ممبران سے ملاقات کرکے ان کے حلقوں کے مسائل مقامی قیادت کی مشاورت سے حل کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے گی۔ وزیراعظم نے ارکان قومی اسمبلی کو فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن میں عوامی فلاح و بہبود اور سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات کیں اور ہائی کورٹ بنچ کے قیام کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نے فیصل آباد ڈویژن سے متعلقہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی 7 رکنی کمیٹی کو ٹاسک سونپ دیا جس کی مشاورت سے عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے ممبران کو عوام سے مستقل رابطے میں رہنے کی تاکید کی اور وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کرنے والے ارکان اسمبلی میں چوہدری محمد عاصم نذیر، نواب شیر، رضا نصراللہ گھمن، خرم شہزاد، فرخ حبیب، فیض اللہ، راجہ ریاض احمد، ریاض فتیانہ، صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، محمد امیر سلطان، غلام بی بی بھروانہ،سیّد فیض الحسن، حاجی امتیاز احمد چوہدری، چوہدری شوکت علی بھٹی، تاشفین صفدر چوہدری اور وجیہہ اکرم شامل تھیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات