احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف دائر فلیگ شپ ریفر نس کی سماعت آج تک ملتوی کر دی

منگل 18 دسمبر 2018 00:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف دائر فلیگ شپ ریفر نس کی سماعت آج منگل تک ملتوی کر دی۔وکیل صفائی خواجہ حارث نے حتمی دلائل مکمل کر لئے۔آج منگل سے نیب پراسیکیوٹر حتمی دلائل کا آغاز کریں گے۔پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے سماعت کی۔اس موقع پر محمد نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران محمد نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے فلیگ شپ ریفرنس میں حتمی دلائل دوسرے روز مکمل کر لئے۔ خواجہ حارث نے کہا کہ جافزا دستاویزات قانونی شہادت کے مطابق تصدیق شدہ نہیں،دستاویزات کی پاکستانی قونصل خانہ یا ڈپلومیٹک ایجنٹس اس بات کی تصدیق کرے گا بصورت دیگر یہ دستاویز ثابت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

خواجہ حارث نے کیپٹل ایف زیڈ ای کی ملازمت سے متعلق خط کو جعلی اور من گھڑت قرار دیا،۔

فاضل جج محمد ارشد ملک نے استفسار کیا کہ آپ اس اسٹیج پر آکر ان دستاویزات کو ڈس اون کر رہے ہیں خواجہ حارث نے کہا کہ ہمارا شروع دن ہی سے یہی موقعف ہے، جج کے استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دستاویزات کی تصدیق کیلئے ایم ایل اے بھیجا لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔خواجہ حارث نے دلائل میں کہا کہ تنخواہ لینا اتنا بڑا مسئلہ ہے تو اس سے متعلق دستاویزات کیوں پیش نہ کی گئیں، جے آئی ٹی نے ان دستاویزات پر انحصار کیا جن پر نواز شریف کا نام ہی نہیں، خواجہ حارث نے متفرق درخواستوں کے ساتھ منسلک دستاویزات عدالت میں پیش کیں، خواجہ حارث نے کہا کہ ہم دکھانا چاہتے ہیں کہ ہم نے کچھ نہیں چھپایا، اس کے بعد جو کچھ ہوا تاریخ اس پر خود بولے گی۔

دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد جج محمدارشد ملک نے ریمارکس دیئے کہ دستاویزات سے ظاہر نہیں ہو رہا کہ نواز شریف کیپٹل ایف زیڈ ای کے چیئرمین ہیں یا ان کی کوئی حیثیت ہے۔خواجہ حارث کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے احکامات دیئے کہ نیب پراسیکیوشن کے دلائل مکمل ہونے کے بعد جواب الجواب کیلئے وکیل صفائی کو وقت دیں گے، جج ارشد ملک کے استفسار پر خواجہ حارث نے بتایا کہ کل تک مزید دستاویزات بھی آ جائیں گی،آج منگل سے نیب پراسکیوشن حتمی دلائل کا آغاز کرے گی۔عدالت نے سماعت آج منگل تک ملتوی کر دی۔