نواز شریف کے گارڈ کا ٹی وی کیمرا مین پر تشدد کا معاملہ، نواز شریف صحافیوں سے بات کیے بغیر عدالت کے اندر چلے گئے

کیمرا مین پر تشدد کے ذمے دار کوپولیس کے حوالے کردیا گیا ہے، نواز شریف خود بھی صحافیوں سے بات کریں گے۔ طارق فضل چودھری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 دسمبر 2018 10:49

نواز شریف کے گارڈ کا ٹی وی کیمرا مین پر تشدد کا معاملہ، نواز شریف صحافیوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2018ء) : گذشتہ روز سابق وزیراعظم نوازشریف کے گارڈ نے ٹی وی کیمرہ مین پر تشدد کیا جس کے نتیجے میں وہ بے ہوش ہوگیا۔آج سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کےلیے آمد پر صحافیوں نے احتجاج کیا اور نعرے بھی لگائے لیکن سابق وزیراعظم نواز شریف صحافیوں سے کوئی بات کیے بغیر ہی کمرہ عدالت کی جانب بڑھ گئے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کےرہنما طارق فضل چودھری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کیمرہ مین پر تشدد کے ذمے دار کوپولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جو شخص کل فرار ہوا تھا اسے بھی آج پولیس کے حوالے کردیا جائے گا۔ نوازشریف کے احتساب عدالت آمد کے موقع پر باہر نہ رکنے اور صحافیوں سے گفتگو نہ کرنے کے معاملے پر طارق فضل چودھری نے کہا کہ یہاں رکنامناسب نہیں تھا اسی لیے نواز شریف کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگواورمعذرت کریں گے۔

(جاری ہے)

میاں صاحب وقفے کے دوران اس معاملے پر آن رکارڈ بات کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میاں صاحب رجسٹرار کے آفس میں صحافیوں سے گفتگو بھی کریں گے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز نجی ٹی وی چینل کا کیمرہ مین اپنا صحافتی فریضہ انجام دیتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی فوٹیج بنا رہا تھا کہ اس دوران نوازشریف کے ایک گارڈ نے کیمرہ مین واجد علی پر حملہ کر دیا، گارڈ کے حملے سے واجد علی بے ہوش ہو گئے جس پر صحافیوں نے احتجاج کیا اور کارروائی کا مطالبہ کیا۔

بعد ازاں سابق وزیراعظم نواز شریف نے صحافی کو تشدد کا نشانہ بنانے والے گارڈ کو پولیس کے حوالے کرنے کی ہدایت کر دی ، جس کے بعد حفاظتی اہلکار کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ اس معاملے پر حکومتی شخصیات نے بھی رد عمل دیتے ہوئے واقعہ کی مذمت کی تھی اور کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔