دُبئی: دو پاکستانی ڈرائیورز آپس کی لڑائی میں زخمی ہو گئے

ایک نے دُوسرے کا کان کاٹ ڈالا تو دُوسرے نے سر پر رینچ دے مارا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 دسمبر 2018 12:54

دُبئی: دو پاکستانی ڈرائیورز آپس کی لڑائی میں زخمی ہو گئے
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر2018ء ) پولیس نے دو پاکستانی ڈرائیورز کو سڑک پر جھگڑا کر کے ایک دوسرے کو زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں نے لڑائی کے دوران ایک دوسرے پر گھُونسوں کی بارش کر دی۔ عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے 31 سالہ پاکستانی ڈرائیور پر الزام عائد کیا کہ اُس نے اپنے ہم وطن ڈرائیور کوزد و کوب کیا جبکہ ہم وطن ڈرائیور نے اُسے شدید زخمی کیا۔

دونوں پر مار پیٹ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ تاہم دونوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے آپ کو بچاؤ کی خاطر دُوسرے کی مار پیٹ کی۔ یہ واقعہ 2 ستمبر 2017ء کو الرشیدیہ کے علاقے میں پیش آیا تھا۔ 42 سالہ ڈرائیور نے عدالت میں اپنی صفائی میں کہا کہ وہ صبح ساڑھے آٹھ بجے ایک شاپنگ مال کے قریب موجود تھا اور سڑک کی پرلی جانب جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

۔ اچانک میرے ہم وطن ڈرائیور نے تیزی سے مجھے اوور ٹیک کیا۔

جس پر میں نے اُس کے قریب جا کر پُوچھا کہ اُس نے مجھے خطرناک انداز سے کیوں اوور ٹیک کیا ہے۔ اس پر دُوسرا ڈرائیور گاڑی میں سے نکل کر میرے پاس آ گیا اور مجھے بُرا بھلا کہنے لگا جس پر میں نے بھی اُسے تُرکی بہ تُرکی جواب دیا۔ اچانک اُس نے میرے سر کے پچھلی جانب مُکا مارا اور مجھے میری شرٹ سے پکڑ لیا۔ اس پر ہم دونوں گُتھم گُتھا ہو گئے اور ایک دوسرے پر گھُونسے برسانے لگے۔

اچاناک اُس نے میرا کان زور سے کاٹ کھایا، اُس کے خطرناک ارادے دیکھ کر مجھے لگا کہ آج میں بچنے والا نہیں۔ اس پر مجھے مجبوراً اپنی گاڑی میں سے رینچ نکالنا پڑاجو میں نے اُس کے سر پر دے دے مارا۔‘‘ استغاثہ کے مطابق موقع پر موجود ایک سیکیورٹی گارڈ کو دونوں کی لڑائی چھُڑوائی۔ اس دوران طبی امداد کا عملہ موقع پر پہنچ گیا، جس نے دونوں زخمیوں کی مرہم پٹی کی، جس کے بعد انہیں تھانے منتقل کر دیا گیا۔ اس مقدمے کا فیصلہ 27 دسمبر 2018ء کو سُنایا جائے گا۔