Live Updates

پنجاب میں طالبات کو آسان اقساط پر اسکوٹیز اور موٹرسائیکلیں دینے کا فیصلہ

یہ فیصلہ طالبات کو بہتر سفری سہولت کی فراہمی کے عزم کے تحت کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 دسمبر 2018 13:20

پنجاب میں طالبات کو آسان اقساط پر اسکوٹیز اور موٹرسائیکلیں دینے کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2018ء) : پنجاب بھر میں طالبات کو آسان اقساط پر اسکوٹیز اور موٹرسائیکلیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ پنجاب حکومت نے طالبات کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کے پیش نظر کیا ہے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چئیرمین واسق قیوم عباسی نے بتایا کہ اس اسکیم کو 2019ء کے آغاز میں شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس پراجیکٹ میں طلبا کے لیے سائیکلز اور طالبات کے لیے سفری واؤچرز دئے جائیں گے۔

اس کے علاوہ ڈگری کلاسز اور یونیورسٹی کی طالبات کو اسکوٹیز بھی دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبا کو ریلیف دینے کے لیے اسکوٹیز اور موٹرسائیکلیں آسان اقساط پر دی جائیں گی۔ سفری واؤچرز میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی طالبات کو دئے جائیں گے تاکہ انہیں سفر پر اخراجات نہ کرنا پڑیں اور سفری واؤچرز کے استعمال سے وہ بروقت اپنے اسکول و کالج پہنچ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں کُل 53 ہزار اسکول اور 550 کالجز ہیں جن میں تقریباً 50 ملین طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ دور حکومت میں بھی حکومت پنجاب کی جانب سے خواتین کو 3 ہزار پنک اسکوٹیز دینے کا منصوبہ پیش کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب کی ضرورت مند خواتین کو پنک اسکوٹیز دی جانا تھیں جس کی بدولت ان کی سفری مشکلات میں کمی لائی جانا تھی۔

تاہم اب پاکستان تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد ایک مرتبہ پھر سے طالبات کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے آسان اقساط پر اسکوٹیز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا باقاعدہ آغاز آئندہ برس جنوری میں ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق طالبات کو اسکوٹیز چلانے کے حوالے سے خصوصی ٹریننگ بھی دی جائے گی اور ان کو لائسنس بھی جاری کیے جائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات