ہر شہری کا تحفظ اور سیکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹس کے مطابق بلاول بھٹوکو سنگین سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں،وکیل بلاول بھٹوزرداری سندھ ہائیکورٹ نے وی وی آئی پیز کی سیکیورٹی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی طلب کرتے ہوئے سماعت 15 جنوری تک ملتوی کردی

منگل 18 دسمبر 2018 14:15

ہر شہری کا تحفظ اور سیکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے،چیف جسٹس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی شیخ نے کہا کہ ہر شہری کا تحفظ اور سیکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے،سندھ ہائیکورٹ نے وی وی آئی پیز کی سیکیورٹی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی طلب کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری کی سیکیورٹی سے متعلق درخواست کی سماعت 15 جنوری تک ملتوی کردی۔

منگل کوپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سیکیورٹی سے متعلق درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔بلاول بھٹوزرداری کے وکیل اختر حسین ایڈووکیٹ نے دوران سماعت بتایا کہ انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹس کے مطابق بلاول بھٹوزرداری کو سنگین سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی شیخ نے ریماکس دیئے کہ ہر شہری کا تحفظ اور سیکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے،اختر حسین ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہم ہر فرد کے لیے سیکیورٹی نہیں مانگ رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹوزرداری کی سیکیورٹی صوبائی حکومت کا مسئلہ نہیں وفاق کی ذمہ داری ہے، وہ سندھ کے علاوہ بھی سفر کرتے ہیں۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پہلے یہ بتایا جائے کہ سپریم کورٹ نے سرکاری عہدہ نہ رکھنے والوں کی سیکیورٹی سے متعلق کیا احکامات جاری کیے ہیں۔سندھ ہائیکورٹ نے وی وی آئی پیز کی سیکیورٹی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی طلب کرلی۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہم جائزہ لینا چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ نے وی وی آئی پیز کی سیکیورٹی سے متعلق جو نوٹس لیا تھا اس کا کیا بنا۔عدالت نے بلاول بھٹوزرداری کی سیکیورٹی سے متعلق درخواست کی مزید سماعت 15 جنوری تک ملتوی کردی۔