Live Updates

روس میں منعقدہ کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا،

تمام پارلیمنٹس کے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قراردادیں منظور کرنے کی ہماری تجویز کا اسلامی ممالک نے خیرمقدم کیاہے، افغانستان کی صورتحال پر بھی بات ہوئی، روس پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کے لئے تیار ہے قائم مقام چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا کی پارلیمنٹ ہائوس میں دورہ روس پر بریفنگ

منگل 18 دسمبر 2018 15:23

روس میں منعقدہ کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) قائم مقام چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ روس پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات چاہتا ہے، مسئلہ کشمیر کے حل میں روس اہم کردارادا کرسکتا ہے، ڈالر مہنگا ہونے سے نقصان ہوا، نجی ٹی وی سماء کے کیمرا مین پرسکیورٹی گارڈ کے تشدد کی مذمت کرتا ہوں۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں سینیٹر محسن نذیر کے ہمراہ دورہ روس پر بریفنگ دیتے ہوئے قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ رشین فیڈریشن کی 25 سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی۔

ہمارا دورہ روس انتہائی اہم تھا۔ روس میں منعقدہ کانفرنس میں ہم نے مسئلہ کشمیر کو اٹھایا۔ ہم نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر جلد حل ہونا چاہیے ۔ ہم نے تجویز دی کہ تمام پارلیمنٹس مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قراردادیں منظور کریں تو اسلامی ممالک نے میری تجویز کا خیرمقدم کیا۔

(جاری ہے)

انڈونیشیاء، ملائشیاء اور دیگر ممالک کو کشمیر کے حوالے سے پاکستانی پارلیمنٹ کی منظور کردہ قرار دادیں بھجوائیں گے۔

کانفرنس میں افغانستان کی صورتحال پر بھی بات ہوئی۔ سلیم مانڈوی والانے کہا کہ پاکستان جلد شنگھائی تعاون تنظیم کا مکمل ممبر بن جائے گا۔ 15 سال قبل روس ہم سے بات کرنے کو تیار نہیں تھا لیکن اب پاکستان اور روس کی پارلیمنٹ کے قریبی تعلقات قائم ہیں۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے روس اور پاکستان کے درمیان پارلیمانی سفارتکاری کے فروغ کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ روس پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے جبکہ روس پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کے لئے تیار ہے۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ روس خطے میں اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہے ہمیں اسے سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ ہمیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہر آپشن استعمال کرناچاہیے۔ بھارت کے ساتھ ہماری تجارت کبھی بند نہیں ہوئی ۔

پاکستان نے کبھی بھی بھارت کے ساتھ مذاکرات سے انکار نہیں کیا۔ قائم مقام چیئرمین نے کہاکہ مودی حکومت کی سیاسی حکمت عملی پاکستان کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ کا باعث بن رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ ڈالر کے مقابلہ روپے کی قدر اتنی زیادہ کم کرنے کے خلا ف ہوں۔ راتوں رات روپے کی قدر میں اتنی بھاری قدر میں کمی سے لوگوں کا نقصان ہواہے۔

آئندہ روپے کی قدر میں اس طرح کی کمی سے گریز کیا جانا چاہیے۔ ایک اور سوال کے جواب میں سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ قانونی طورپر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے پارلیمنٹ میں آنے پر کوئی پابندی نہیں۔ فواد چوہدری کا چیئرمین سینیٹ سے معافی مانگنے کامطالبہ درست نہیں، ہم انہیں سمجھائیں گے کہ اس طرح کی باتیں نہ کریں۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نجی ٹی وی چینل سماء کے کیمرا مین پر تشدد کی مذمت کرتا ہوں۔

سکیورٹی گارڈ کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے۔ پارلیمنٹ میں پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ کے داخلے پر پابندی ہونی چاہیے ۔ کل کے اس واقعہ پر بہت پریشان ہوے۔ امید ہے آئندہ اس طرح کے واقعات نہیں ہوں گے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر محسن عزیز نے کہاکہ روس پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات چاہتا ہے جبکہ روس نے پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں شروع کرنے کی پیشرفت پر آمادگی ظاہر کی۔

انہوں نے کہاکہ روس کے ساتھ ہمارے تعلقات سرد جنگ کے باعث خراب ہوئے جو اب بحال ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دورہ روس بہت کامیاب رہا۔ سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ جب دورے سے ہم واپس آئے تو وزیر اعظم عمران خان نے دورے کے حوالے سے پوچھا تو ہم نے کہاکہ دورے کے اخراجات ہم نے خود برداشت کئے ہیں تو وزیر اعظم نے ہمارے اس دورے کو سراہا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات