ْپولیس فورس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تاریخی قربانیاں دیں‘ آئی جی پی کا ھنگو میں خطاب

منگل 18 دسمبر 2018 15:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) آئی جی پی صلاح الدین نے کہاکہ ملک وقوم کیلئے خیبرپختونخوا پولیس کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں‘ صوبے کی پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تاریخی قربانیاں دی ہیں‘ انہوں نے کہاکہ ہم ایک جنگ سے نکل آئے ہیں لیکن خاموش جنگ ابھی جاری ہے اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی‘ جس کے دوران خیبرپختونخوا پولیس نے مستعدی سے اپنا کردارانبھانا ہوگا‘ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے سو روزہ پلان میں پولیس فورس کے حوالے سے جو اہداف رکھے گئے تھے وہ پورے ہوئے ہیں‘ انہوں نے کہاکہ پولیس میں خواتین اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ زیر غور ہے ‘انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کو کے پی پولیس کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرنا چاہیے۔