پرواز آپریشن بحال کرنے پر برٹش ایئرویز کے شکرگزار، ترجمان پاک فوج

ہمیں آگے ہی جانا ہے،پاکستان میں امن واستحکام آرہا ہے، دہشتگردی کیخلاف کامیاب جنگ کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 18 دسمبر 2018 15:25

پرواز آپریشن بحال کرنے پر برٹش ایئرویز کے شکرگزار، ترجمان پاک فوج
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 دسمبر2018ء) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پرواز آپریشن بحال کرنے پر برٹش ایئرویز کے شکرگزارہیں، ہمیں آگے ہی جانا ہے، پاکستان میں امن واستحکام آرہا ہے، دہشتگردی کیخلاف کامیاب جنگ کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہمیں آگے ہی جانا ہے۔

پاکستان میں امن واستحکام آرہا ہے۔ دہشتگردی کیخلاف کامیاب جنگ کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پروازوں کا آپریشن بحال کرنے پر برٹش ایئرویز کے شکرگزارہیں۔ میجر جنرل آصف غفورنے کہا کہ قوم اور سکیورٹی فورسز کی امن واستحکام کیلئے دہائیوں سے جاری لمبی کوششیں رنگ لانا شروع ہوگئیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے وفاقی حکومت نے سرمایہ کاری سے متعلق بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے، برٹش ایئرویز نے دوبارہ پاکستان سے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق برٹش ایئرویز کی پروازوں کی بحالی سے پاکستان پر سرمایہ کاروں کااعتماد بڑھے گا۔برطانوی فضائی کمپنی نے 10سال پہلے پاکستان کیلیے آپریشنز بند کردیاتھا، برٹش ایئرویز نے 2008 میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل بم دھماکے کے بعد اپنا آپریشن معطل کیا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان میں ایئرپورٹس پر فائرنگ اور دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے بعد کچھ غیر ملکی ایئر لائنز نے پاکستان میں اپنے فلائٹ آپریشنز معطل کر دیئے تھے۔

چار سال قبل ہانگ کانگ کی نجی ایئرلائن کیتھے پیسیفک نے بھی کراچی ایئرپورٹ پر8جون کو ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کے بعد ہی اپنا فلائٹ آپریشن غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اورلندن کے درمیان پروازیں اگلے سال جون سے شروع ہوں گی۔