5 ہزار کے نوٹ چھاپ کرمنی لانڈرنگ کی گئی، فواد چودھری

پیسا ماڈلز اورلانچوں کے ذریعے باہر بھجوایا گیا، سیاسی منزل حاصل کرلی، اب معاشی سفر شروع ہوگیا، نوازشریف اور آصف زرداری اپنا آخری الیکشن لڑ چکے ،دونوں کی سیاست ختم ہوگئی ہے۔تقریب سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 18 دسمبر 2018 16:15

5 ہزار کے نوٹ چھاپ کرمنی لانڈرنگ کی گئی، فواد چودھری
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 دسمبر2018ء) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ 5 ہزار کے نوٹ چھاپ کرمنی لانڈرنگ کی گئی، پیسا ماڈلز اور لانچوں کے ذریعے باہر بھجوایا گیا،سیاسی منزل حاصل کرلی ،اب معاشی سفر شروع ہوگیاہے، نوازشریف اور آصف زرداری اپنا آخری الیکشن لڑ چکے ،دونوں کی سیاست ختم ہوگئی ہے۔انہوں نے آج یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی منزل حاصل کرلی ہے اب معاشی منزل حاصل کریں گے۔

حکومت کا اصل سفر اب شروع ہوا ہے ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنا کر پاؤں پر کھڑا کریں گے۔درآمدات کی حوصل شکنی کریں گے جبکہ برآمدات کو فروغ دیں گے۔ ہم برآمدات بڑھا لیں گے توملک اپنے مسائل پرقابو پا لے گا۔فواد چودھری نے کہا کہ طالبان کو مذاکرات کی میز پرلانے میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

پومپیو کے دورہ کے بعد امریکا سے تعلقات بہتر ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوست ممالک سے بات کرکے خسارے سے باہر نکل آئے۔روس سے 10ار ڈالر گیس کا معاہدہ ہوا ہے۔سعودی عرب سے آئل ریفائنری کا معاہدہ ہوا ہے۔ پہلے سی پیک سڑکوں اور انفراسٹرکچرتک محدود تھا۔اب زراعت کو سی پیک کا فوکس بنا دیا ہے۔سی پیک کے ذریعے سعودی عرب کی سرمایہ کاری بھی آئی ہے۔جبکہ نجی سیکٹرز کو بھی منصوبے دیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے ٹیکس وصولی دوگنا ہوئی ہے۔

ترسیلات زر 20 ارب ڈالر سے بڑھ کر40 ارب ڈالر تک ہوسکتی ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے ایک توکرپشن کی ہے پھر منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسا باہر بھجوایا ہے۔ سندھ میں خوب کرپشن ہوئی سارا پیسا باہر بھیج دیا گیا۔5، 5 ہزار کے نوٹ چھاپ کرپیساماڈلز اور لانچوں کے ذریعے باہر بھجوایا گیا۔ یورپی یونین کو پتا تھا کہ پاکستان کا پیسا کہاں جارہا ہے۔

منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات شروع کردیے ہیں۔ برٹش ایئرلائن کا آپریشن بحالی کافیصلہ خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھول کر70سالہ تاریخ تبدیل کردی ہے۔کرتار پور سرحد راہداری کھولنے کا مقصد مذہب کے ساتھ معاشی مضبوطی بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری اپنا آخری الیکشن لڑ چکے ہیں اب دونوں کی سیاست ختم ہوگئی ہے۔