ْاے این ایف کی 26 ملک گیر کارروائیاں، 2 ارب 44 کروڑ روپے مالیت کی 3ٹن منشیات قبضے میں لے لی

منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 25 ملزمان گرفتار، 10گاڑیاں ضبط کرلی گئیں

منگل 18 دسمبر 2018 17:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) دنیا کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 26ملک گیر کاروائیوں کے دوران 2ارب 44کروڑ 40 لاکھ روپے بین الاقوامی مالیت کی3ٹن منشیات برآمد کر لیں جبکہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث 25ملزمان کوگرفتاراور10 گاڑیاںبھی برآمد کر لی گئی۔ برآمد شدہ منشیات میں 2945.83 کلو گرام چرس، 68.4 کلو گرام افیون، 16.46 کلو گرام ہیروئن، 2.6 کلو گرام میتھ ایمفیٹا مائن، 1 کلو گرام کرسٹل، 4000 زیناکس گولیاں،3000 ڈیزاپام گولیاںاور 1000 ایسٹیسی گولیاںشامل ہیں۔

اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کے دوران ضلع لسبیلہ کی تحصیل لیاری کے غیر آباد مقام کنڈ ملیر میں چھپائی گئی 1150 کلو گرام چرس قبضہ میں لے لی۔

(جاری ہے)

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاع پر ضلع کلہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے غیر آباد علاقے کلی دولنگی میں چھاپے کے دوران وہاں چھپائی گئی 1610 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے ضلع چاغی کی تحصیل یک مچھ کے پہاڑی علاقے غر گوشکال سے 7 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے کلی زئی سملی، ضلع کوئٹہ میں چھاپہ مار کر 70 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد شدہ منشیات کسی دوسرے گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھیں۔

پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹائون میں واقع گول مسجد کے قریب کوئٹہ کے رہائشی گل محمد نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 12 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔اے این ایف راولپنڈی نے کامرہ روڈ، ضلع اٹک پر واقع تکبیر کالونی کے قریب اٹک کے رہائشی عبد الرحمن اور سرگودھا کے رہائشی ارسلان حیدر نامی دو موٹر سائیکل سواروں کو روک کر دوران تلاشی ان کے قبضے سے 1.5 کلو گرام چرس برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبرQR-615 دوحہ جانے والے باغ ، آزاد کشمیر کے رہائشی محمد شبیر نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے ٹرالی بیگ سے 4.250 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر GF-771 بحرین جانے والے بنوں کے رہائشی نعمان خان نامی مسافر کے ٹرالی بیگ سے 870 گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے لاری اڈہ، اٹک کے بالمقابل واقع شیل پٹرول پمپ سے صوابی کے رہائشی مہراب شاہ نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 1.3 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پارکنگ ایریا سے ایک ٹیوٹا کرولا کار تحویل میں لیکر دوران تلاشی گاڑی میں موجود سفری بیگ سے 4000 عدد زیناکس گولیاں برآمد کر کے لوئر دیر کے رہائشی جاوید اقبال اور سعید اللہ نامی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

چھٹی کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے خفیہ اطلاع پر چونگی نمبر 26بس سٹاپ، اسلام آباد کے قریب ایک بیڈ فورڈ ٹرک روک کر دوران تلاشی ٹرک میں موجود اضافی ٹائر میں چھپائی گئی 14.4 کلو گرام چرس اور 50.4 کلو گرام افیون برآمد کر کے فیصل آباد کے رہائشی زاہد حسین اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی ندیم ساجد نامی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ساتویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے کراچی کمپنی، اسلام آباد میں واقع ڈی واٹسن سٹور کے قریب اسلام آباد کے رہائشی سید پارس علی الیاس نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 3.6 کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔

اے این ایف لاہور نے میانوالی میں کاروائی کے دوران شادیہ موڑ، انوار چوک کے قریب 2 عدد موٹرسائیکلیں روک کر اس پر سوارخوشاب کے رہائشی عصمت اللہ اور محمد ارشد نامی دو ملزمان کے ذاتی قبضے سے مجموعی طور پر 900 کلو گرام چرس برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے گوجرہ ٹول پلازہ، فیصل آباد کے قریب ایک لاوارث کرولا سیلون پریمیوں کار تحویل میں لیکر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 18 کلو گرام افیون اور 49.2 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریہ پرواز نمبر GF-789 ریاض جانے والے صوابی کے رہائشی ستانہ گل نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے سامان سے 1.1 کلو گرام میتھ ایمفیٹا مائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے جوہر ٹائون لاہور میں واقع ایکسپو سینٹر کے قریب ایک ٹیوٹا کرولا کار کو قبضے میں لیکر دوران تلاشی گاڑی کے دروزوں میں چھپائی گئی 5 کلو گرام چرس برآمد کر کے پشاور کے رہائشی انعام اللہ اور خانزادہ نامی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر PK-715 سعودی عرب جانے والے مردان کے رہائشی رحمت اللہ نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے پاس موجود سبزیوں میں چھپائی گئی 800 گرام میتھ ایمفیٹا مائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔چھٹی کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور میں واقع ایک نجی کوریئر آفس سے ایک پارسل قبضے میں لیکر اس میں سے 1.1 کلو گرام ہیروئن اور 660 گرام چرس برآمد کر لی۔

برآمد شدہ منشیات سرجیکل آئٹمز میں چھپائی گئی تھیں۔ساتویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے امپیریئر مال، لاہور کے قریب ایک سوزوکی ویگنار گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی میں رکھے گئی5 عدد کارٹنوں میں موجود لیمپوں میں چھپائی گئی 1.7 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے لاہور کے رہائشی محمد سکندر اور کراچی کے رہائشی آصف رضا نامی دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اے این ایف پشاور نے ایک لاوارث ٹیوٹا کرولا کار کو تحویل میں لیکر دوران تلاشی گاڑی کی پچھلی سیٹوں میں چھپائی گئی 8.4 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے خفیہ اطلاع پر ایک ہینو ٹرالر کو روک کر دوران تلاشی ٹرالر کے ٹول بکس میں موجود اضافی ٹائر ٹیوبز میں چھپائی گئی 18 کلو گرام چرس برآمد کر کے خیبر ایجنسی کے رہائشی نور اسلام اور فیاض خان نامی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف کراچی نے کراچی میں واقع ایک نجی کورئیر آفس سے ایک پارسل کو قبضے میں لیکر دوران تلاشی اس میں موجود جیولری باکس میں چھپائی گئی 1.010 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کراچی سے مردان کے رہائشی جاوید نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے سفری بیگ میں موجود چار عدد شلواروں میں چھپائی گئی 700 گرام میتھ ایمفیٹا مائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے کراچی میں واقع ایک نجی کوریئر آفس کے ذریعے کینیڈا بھیجے جانے والے پارسل کو قبضے میں لیکر اس میں موجود 1.5 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔برآمد شدہ منشیات 30 عدد لیمپوں میں چھپائی گئی تھیں۔چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے بذریعہ پرواز نمبر UL-184 کولمبو جانے والے محمد عالمگیر نامی بنگلہ دیشی باشندے کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے سامان سے 3000 عدد ڈیزاپام گولیاں برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے دریا لال سٹریٹ، جوریہ بازار، کراچی میں واقع کوثر مصالحہ کے قریب کوئٹہ کے رہائشی نیاز محمد اور کلیم اللہ نامی دو ملزمان کے ذاتی قبضے سے ایک کلو گرام آئس کرسٹل اور 1000 ایسٹیسی گولیاں برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔