نوازشریف کے گارڈزکا کیمرہ مین پرتشدد ،ْکوئی شخص قانون ہاتھ میں نہیں لے سکتا ،ْ وزیرداخلہ شہر یار آفریدی

منگل 18 دسمبر 2018 17:45

نوازشریف کے گارڈزکا کیمرہ مین پرتشدد ،ْکوئی شخص قانون ہاتھ میں نہیں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے گارڈز کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین پر تشدد کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چاہے کوئی کتنے ہی بڑے عہدے پر کیوں نہ ہو، قانون کو ہاتھ میں نہیں لے سکتا۔منگل کو میڈیا سے بات چیت کے دور ان وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ گزشتہ روز جب یہ واقعہ ہوا تو میں نے اسی وقت اس کا نوٹس لے کر انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد سے رپورٹ طلب کی اور ان سے دریافت کیا ہے کہ ملزم گرفتار کیوں نہیں ہوا ۔

شہریار آفریدی نے کہاکہ میں یقین دلاتا ہوں کہ اب قانون کی بالادستی کا دور ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی کتنا ہی بڑا شخص اور عہدے یا رتبے والا کیوں نہ ہو ،ْ وہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لے سکتا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گذشتہ روز سماء ٹی وی سے وابستہ کیمرہ مین واجد علی، نواز شریف کی پارلیمنٹ سے روانگی کی فوٹیج بنا رہا تھا کہ سابق وزیراعظم کے گارڈز نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا، جسے بے ہوشی کی حالت میں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعہ کے بعد صحافیوں نے پارلیمنٹ کے گیٹ نمبر ایک پر احتجاجی دھرنا دے کر بلاک کردیا جبکہ تشدد کرنے والے ایک گارڈ کو پکڑ کر پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کے حوالے بھی گیا گیا، تاہم دوسرا گارڈ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا ۔متاثرہ کیمرہ مین کی درخواست پر اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا جس میں نواز شریف کے 3 سیکیورٹی گارڈز کو نامزد کیا گیا تھا۔دوسری جانب سابق وزیراعظم کے 2 گارڈز محسن اور منصف کو جوڈیشل مجسٹریٹ ثاقب جواد کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں مختصر سماعت کے بعد عدالت نے دونوں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔