Live Updates

ڈپٹی میئر لاہور وسیم قادر کا تحریک انصاف میں شمولیت کا امکان

صوبائی وزیر بلدیات علیم خان اور ڈپٹی میئر وسیم قادر کے درمیان رابطہ، وسیم قادر کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دے دی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 18 دسمبر 2018 17:39

ڈپٹی میئر لاہور وسیم قادر کا تحریک انصاف میں شمولیت کا امکان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 دسمبر2018ء) مسلم لیگ ن کے منحرف ڈپٹی میئر لاہور وسیم قادر کا تحریک انصاف میں شمولیت کا امکان ہے، صوبائی وزیر بلدیات علیم خان اور ڈپٹی میئر وسیم قادر کے درمیان رابطہ ہوا ہے، جس میں علیم خان نے وسیم قادر کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے منحرف ڈپٹی میئر لاہور وسیم قادر نے حمزہ شہبازشریف سے جھگڑے کے بعد پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

تاہم اب بتایا جارہا ہے کہ وسیم قاد ر نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے۔ڈپٹی میئر لاہور وسیم قادر جلد وزیرپنجاب بلدیات علیم خان سے ملاقات کریں گے جس میں پی ٹی آئی میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے ن لیگ کے مرکزی رہنماء حمزہ شہبازاور ڈپٹی میئر لاہور کے درمیان یونین کونسل 172میں ٹکٹ دینے کا نتیجہ دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔

(جاری ہے)

حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ میرے پوچھے بغیر آپ نے کونسلر کا ٹکٹ کیوں دیا؟ اگر یہ کونسلر ضمنی الیکشن میں ہار گیا توکون ذمہ دار ہوگا؟ کیونکہ یہ امیدوار زیادہ مقبول نہیں تھا۔جس پر ڈپٹی میئر وسیم نے کہا کہ آپ نے ضمنی الیکشن پی پی 168میں جس امیدوار کو ٹکٹ دیا وہ ہار گیا ۔ اس میں ایسی کیا بات ہے۔ جس پر حمزہ شہبازشریف اور ڈپٹی میئر لاہور کے درمیان تکرار ہوا۔

تاہم ڈپٹی میئر نے ن لیگ کو خیرباد کہہ دیا۔ بعض اطلاعات کے مطابق حمزہ شہبازنے ڈپٹی میئر کو غصے میں آکر پانی کی بوتل بھی ماری تھی۔حمزہ شہبازشریف نے ڈپٹی میئر کی جانب سے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر انہیں بلیک لسٹ کردیا ۔ جس پر وسیم قادر نے کہا کہ حمزہ شہبازخود بتائیں کہ انہوں نے میرے ساتھ کیا سلوک کیا ہے۔ ورنہ میں سب کو بتا دوں گا۔ تاہم اب ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی میئر لاہور وسیم قادر نے پی ٹی آئی میں شمولیت کیلئے رابطے شروع کردیے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات