امریکا کے طالبان کے ساتھ مذاکرات خوش آئند پیش رفت ہے، مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 18 دسمبر 2018 17:49

امریکا کے طالبان کے ساتھ مذاکرات خوش آئند پیش رفت ہے، مسلم لیگ (ن) کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ امریکا کے طالبان کے ساتھ مذاکرات خوش آئند پیش رفت ہے، گزشتہ دس سال سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ طالبان کے ساتھ امریکا کے مذاکرات خوش آئند ہیں، گزشتہ دس سالوں سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، قطر میں طالبان کا دفتر کھلا لیکن امریکا سمیت دیگر قوتیں افغانستان میں امن نہیں چاہتی تھیں، مذاکرات صرف دکھاوے کے لئے تھے، جب تک افغانستان میں امن بحال نہیں ہوتا، خطے میں امن ممکن نہیں، امریکا گذشتہ کئی عشروں میں کابل میں امن نہیں کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے ۔ افغانستان میں چین کو نیچا کرنے کے لئے بھارت کو بٹھا دیا گیا ہے۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لئے مذاکرات ضروری ہیں لیکن افغانستان میں امریکا کا اپنا ایجنڈا ہے، امریکا کو افغانستان کی حکومت وہاں کے منتخب نمائندوں کے حوالے سے کرنا چاہیے۔