کراچی کے شہریوں کی سہولت کے لیے موبائل ایپلی کیشن تیار

شہری واردات کی رپورٹ کہیں سے بھی درج کرا سکیں گے، ڈاکٹرامیرشیخ

منگل 18 دسمبر 2018 18:32

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) سکھر کے انجینئر نے کراچی پولیس کی لیے پولیس فار یو نامی ایپ تیار کرلی،اب گھر بیٹھے چند سیکنڈ میں واردات کی رپورٹ درج کرائی جاسکے گی۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں سٹریٹ کرائم اور پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوگیا جس کے بعد جرائم روکنا کراچی پولیس کے لئے ایک چیلنج بن گیا ہے،اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے سکھر سے تعلق رکھنے والے ایک سافٹ ویئر انجینئر نے کراچی پولیس کیلئے جدید موبائل فون ایپلیکیشن تیار کرلی ہے جس کی مدد سے شہری گھر بیٹھے چند سیکنڈ میں موبائل فون، گاڑی چھینے جانے یا کسی چوری، ڈکیتی، رہزنی یا کسی بھی قسم کی واردات کی چند سیکنڈ میں رپورٹ درج کرا سکیں گے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ کے مطابق یہ موبائل فون ایپ کراچی کے شہریوں کے لئے نئے سال کا تحفہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ شہری واردات کی رپورٹ پاکستان ہی نہیں دنیا کے کسی بھی ملک میں بیٹھ کر درج کرا سکیں گے اور اس پر پولیس فوری طور پر شہری کی داد رسی یا مدد کیلئے بھی پہنچے گی،ایپ کی مدد سے کراچی میں دنیا بھر کے قونصلیٹس بھی چند منٹ میں پولیس سے مدد حاصل کر سکیں گے۔

سکھر سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی انجینئر سید مدثر زیدی نے بتایا کہ وہ کراچی پولیس ہی نہیں پاکستان ریلوے کے لیے بھی ٹرینوں کی ٹریکنگ کا ایپ تیار کرچکے ہیں۔ انہونے بتایاکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ کراچی پولیس پولیس کو بدلنے کے لئے کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کوئی معاوضہ لیے بغیر پولیس فار یو نامی ایپ کے ذریعے اپنا حصہ ڈالا ہے۔

کرائم ریکارڈ اور شہریوں کی سہولت کیلئے موبائل ایپلیکیشن تیار کی ہے۔اس ایف سی ٹیسٹنگ کا کام جاری ہے۔ ایپ میں موبائل فون، موٹرسائیکل، گاڑی، کیش سمیت دیگر کی واردات رپورٹ چند سیکنڈ میں کی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایپ میں رجسٹریشن کرتے وقت شہری کا موبائل فون نمبر، شناختی کارڈ نمبر اور پتہ محفوظ ہوگا۔ ایپ میں اندراج کرتے ہی متعلقہ تھانے سی پی ایل سی، دیگر اداروں اور متعلقہ ایس ایس پی دفتر کو موصول ہوجائے گی۔

ضلعی سطح پر وکٹم سپورٹ سروس ڈیسک شکایات کو مانیٹر کرے گی۔ ڈیسک شکایت درج ہوتے ہی متاثرہ شہری سے متعلقہ پولیس کا رابطہ کرائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس ایپ کو شہریوں کے لئے مفید اور سود مند بنانے کے لئے گوگل اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے بھی مدد لی گئی ہے۔ ڈاکٹر امیر شیخ نے بتایا کہ ایپ کی ٹیسٹنگ مکمل ہوتے ہی نئے سال کے پہلے ہفتے میں یہ موبائل فون ایپلیکیشن شہریوں کیلئے جاری کردی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق شہریوں کو اب نہ تھانے کی ضرورت پڑے گی اور نہ ہی پولیس سے الجھنے کا مسئلہ درپیش ہوگا۔ایپ میں شہری اپنے ساتھ پیش آنے والی واردات کی مکمل تفصیل درج کریں گے جس کے بعد پولیس از خود متاثرہ شہریوں سے رابطہ کرے گی۔