قوموں کی ترقی حصول تعلیم اور غیر متزلزل ارادے سے وابستہ ہے،

وہ قوم ناقابل شکست ہوتی ہے جو علم کے جھنڈے کو تھام کر نکلتی ہے ، شاعر مشرق کا مثالی نوجوان بھی وہی ہے جو ستاروں پر کمند ڈالنے کے لئے بے قرار رہتا ہے، پاکستان کامستقبل تابناک ہے جس کے دامن میں آپ جیسے جواں ہمت نوجوان ہوں،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا یو ایم ٹی کے کانووکیشن سے خطاب، 1327 طلبا و طالبات میں ڈگریاں ، میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے

منگل 18 دسمبر 2018 18:36

قوموں کی ترقی حصول تعلیم اور غیر متزلزل ارادے سے وابستہ ہے،
لاہور۔18 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی اور عروج صرف اور صرف حصول تعلیم اور غیر متزلزل ارادے سے وابستہ ہے، وہ قوم ناقابل شکست ہوتی ہے جو میدان زندگی میں علم کے جھنڈے کو تھام کر نکلتی ہے ، شاعر مشرق ڈاکٹر محمد اقبالؒ کا مثالی نوجوان بھی وہی ہے جو ستاروں پر کمند ڈالنے کے لئے بے قرار رہتا ہے، پاکستان کا مستقبل اللہ کے فضل و کرم سے تابناک ہے جس کے دامن میں آپ جیسے متحرک اور جواں ہمت نوجوان ہوں۔

اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مًیں ان علم دوست اداروں اور شخصیات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو حکومت کے ساتھ ساتھ ملک کے سب سے اہم شعبے تعلیم کے میدان میں نوجوان نسل کو تعلیم مہیا کر رہے ہیں بالخصوص آپ کے ادارے کے سابق چیئر مین وریکٹر حسن مراد مرحوم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات ہیں ۔

(جاری ہے)

گورنرنے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان واضح الفاظ میں اس بات کا اعلان کر چکے ہیں کہ پاکستان کی بقاء تعلیم کے شعبے سے ہی منسلک ہے ۔ آپ اس سے اندازہ کر سکتے ہیں کہ ہماری حکومت تعلیم کے لئے نہ صرف مخلصانہ بلکہ ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کے تعلیمی معیار کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے تعلیمی معیار کو بھی مزید بہتر بنانا ہے ۔

اعلی فنی تعلیم کے علاوہ آئی ٹی کے شعبے میں بھی مزید ترقی کرنی ہے تاکہ ہمارے نوجوان ان شعبوں میں بین الاقوامی سطح کی تعلیمی معیار سے مستفید ہو سکیں ۔گورنرنے کہا کہ یہ ًامر بھی خوش آئند ہے کہ ہمارے ہاں طلباء کے شانہ بشانہ طالبات بھی تعلیمی میدان میں کسی بھی لحاظ سے کم نہیں بلکہ اول پوزیشن اور گولڈ میڈل لینے میں بھی طالبات بہت آگے نظر آتی ہیں ۔

کانووکیشن میں 1327 طلبا و طالبات میں ڈگریاں ، میڈلز اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے جن میں 721 بیچلرز ، 177 ماسٹرز ، 423 ایم ایس / ایم فل جبکہ 06 پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں ۔ اس کے علاوہ بہترین تعلیمی کارکردگی دکھانے پر 12 پیٹرن میڈلز ، 11 ریکٹر میڈلز ، 04 ریکٹر اکیڈمک ایکسیلنس ایوارڈز ، 04 سرٹیفیکیٹس آف ایکسلینس ، 01 ڈاکٹر حسن صہیب مراد ایوارڈ ، 02 خرم مراد ایوارڈز ، 01 مبارک النساء میڈل ایوارڈ ، 01 ڈاکٹر محمد احمد میڈل ایوارڈ ، 02 مسز صداقت اسلم میڈل ایوارڈ ، 01 حاجی تاج الدین میڈل ایوارڈ، 01 میاں خالد سعید میڈل ایوارڈ ، 01 فاسٹ ایکسیلنس ایوارڈز دئیے گئے ۔

کانووکیشن میں ڈگریاں لینے والے طلبہ کی کل تعداد 820 جبکہ طالبات کی تعداد 507 رہی ۔یو ایم ٹی کے ریکٹر ڈاکٹر محمد اسلم نے یونیورسٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پر نظر ڈالتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی درست سمت میں ٹیچنگ اور ریسرچ میں جدت کو متعارف کرواتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہترین تعلیمی و تدریسی کام کی وجہ سے ملک کو ایک پہچان دی ہے ۔

ڈاکٹر محمد اسلم نے کہا کہ یونیورسٹی کی فیکلٹی کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے مختلف موضوعات پر ریسرچ گرانٹس کا ملنا اعزاز کی بات ہے ۔ ریکٹر نے گریجوایٹس ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ۔ کانووکیشن سے چیئر مین آئی ایل ایم ٹرسٹیز ڈاکٹر محمد احمد مراد نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر ریزیڈنٹ یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد ، ڈائریکٹر جنرل عابد ایچ کے شیروانی ، کنٹرولر امتحانات ، رجسٹرار اور یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنر ز اور بورڈ آف ٹرسٹیز کے ذمہ داران بھی موجود تھے ۔