سرگودھا یونیورسٹی میں شعبہ نفسیات کے تحت ’’ ہفتہ ذہنی صحت ‘‘ کا آغاز

منگل 18 دسمبر 2018 18:36

سرگودھا ۔ 7 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) سرگودھا یونیورسٹی میں شعبہ نفسیات کے تحت ’’ ہفتہ ذہنی صحت ‘‘ کا آغاز ہو گیا۔ ’’ذہنی صحت ‘‘کا ہفتہ منانے کا مقصد طلبہ کو ذہنی و نفسیاتی بیماریوں کے پھیلنے کی وجوہات اور ذہنی صحت کو برقرار رکھنے کے حوالے سے شعور و آگہی فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں پہلے روز تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہرین نفسیات احمر اقبال اور ڈاکٹر رفیق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ذہنی صحت کے حوالے سے شہریوں کی صورتحال اچھی نہیں ہے اور ذہنی ونفسیاتی امراض میں مبتلا لوگوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے کے باعث دنیا میں خود کشی کی شرح بھی بڑھ رہی ہے اور خاص طور پر نوجوانوں میں ذہنی امراض بتدریج بڑھ رہے ہیں۔

اس موقع پر شعبہ سائیکالوجی کی چیئرپرسن ڈاکٹر نجمہ ملک نے کہا کہ ہفتہ ذہنی صحت منانے کا مقصد ذہنی و دماغی امراض سے متعلق نہ صرف معلومات کی فراہمی ہے بلکہ اس حوالے سے شعور اجاگر کرنا بھی ہے کیونکہ اگر کوئی فرد کسی ذہنی یا نفسیاتی مرض میں مبتلا ہو جائے تو اسے بغیر ہچکچاہٹ فوری طور پر کسی ماہر اور مستند معالج سے رابط کرنا چاہیے تاکہ بروقت بیماری پر قابو پایا جا سکے۔