وقت آ گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی سطح پر فیصلہ کن انداز میں آواز اٹھائی جائے،

پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، یورپی پارلیمنٹ اور دیگر فورمز پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقدامات کرے گا، وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری

منگل 18 دسمبر 2018 19:51

وقت آ گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی سطح پر فیصلہ کن انداز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی سطح پر فیصلہ کن انداز میں آواز اٹھائی جائے، پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، یورپی پارلیمنٹ اور دیگر فورمز پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقدامات کرے گا، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق ہائی کمشنر کو صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے دعوت دیں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو سینیٹ میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے اقوام متحدہ کی رپورٹ سے متعلق تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہم صرف بیانات ہی دیتے رہے ہیں کہ کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کریں گے لیکن عملاً کچھ نہیں کیا گیا، پرویز مشرف نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ایک طرف رکھ کر چار نکاتی حل پیش کر دیا تھا، خواتین کے ساتھ ہونے والے ظلم کا معاملہ بھی ماضی میں عالمی سطح پر نہیں اٹھایا گیا اور معاملہ کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے حالانکہ شورش زدہ علاقوں میں خواتین کے تحفظ کے لئے اقوام متحدہ کی قرارداد بھی موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب ہم کام کر رہے ہیں اور عالمی برادری سے کہیں گے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر ختم کرائے، ہمارے پاس ایک خاکہ موجود ہے، بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بات چیت کرے اور کشمیری بھی چونکہ ایک متعلقہ فریق ہے، اس لئے ان کی بہت اہمیت ہے، کشمیری نسل در نسل اپنے جائز حق کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، پرویز مشرف نے امریکہ کے دبائو پر سید علی گیلانی سے فاصلہ رکھا لیکن ہم ہر مقام پر کشمیر کا مسئلہ اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے قراردادیں بھی مشرقی تیمور کی طرح ہیں لیکن وہاں پر استصواب رائے ہو جاتا ہے کیونکہ وہاں ایک مسلمان ملک کے ساتھ اس کا معاملہ تھا اور یہاں پر بھارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کا وقت اب آ گیا ہے، ہم کشمیریوں کا مزید خون بہتا ہوا نہیں دیکھ سکتے، بھارت نے اقوام متحدہ میں یہ مسئلہ لے جا کر خود تسلیم کیا ہے کہ کشمیر متنازعہ ہے۔