بیوٹی پارلر نیب کی صورت میں بھی ہونا چاہیے، فیاض الحسن چوہان

نیب چہروں پرکرپشن کے سیاہ دھبوں اور سیاستدانوں کی باطن کی خوبصورتی کیلئے کام کررہا ہے، وزیراعظم نےبھی بیوٹی پارلر لگایا ہوا ہے، وزیراعظم معاشرے کی خوبصورتی کو چارچاند لگا رہے ہیں۔تقریب سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 18 دسمبر 2018 18:44

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 دسمبر2018ء) صوبائی وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے آج یہاں ہیئر ڈریسرز اینڈ بیوٹیشن کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی ظاہری خوبصورتی کو بڑھانے کیلئے فن کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ظاہری خوبصورتی کے ساتھ ہمیں اپنے اندر کے انسان کو بھی خوبصورت بنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ سیاستدانوں و بیوروکریٹس کے چہرے تو خوبصورت ہوتے ہیں۔

لیکن باطن خوبصورت نہیں ہوتا۔ کرپٹ اور بددیانت سیاستدانوں کے باعث ملک کا چہرہ بھی داغدار ہو گیا ہے۔سیاستدان اور بیوروکریٹس لوٹ مار کرنے کے جرم میں روزانہ پیشیاں بھگت رہے ہیں۔ اس لیے ان کی جانب سے کہیں کا غصہ کہیں نکالا جاتا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ان لوگوں نے ملک کے پیسے کو اپنے خاندان کی جاگیر سمجھ رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیوٹی پارلر نیب کی صورت میں بھی ہونا چاہیے۔

نیب چہروں پر کرپشن کے لگے سیاہ دھبوں کو دور کرنے کیلئے کام کررہا ہے۔ نیب اس وقت سیاستدانوں کی اندر کی خوبصورتی لانے کا کردار ادا کررہا ہے۔ پاکستان کوخوبصورت بنانے کیلئے وزیراعظم نے بیوٹی پارلر لگایا ہوا ہے۔ وزیراعظم معاشرے کی خوبصورتی کو چار چاند لگانے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔ وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ سیاستدانواں کے اندر کی خوبصورتی بنانے کیلئے احتساب عدالت کام کررہی ہے۔

احتساب عدالت، نیب اور وزیراعظم تینوں ملکر کرپٹ سیاستدانوں کے باطن کی صفائی کررہے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے آج یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی منزل حاصل کرلی ہے اب معاشی منزل حاصل کریں گے۔حکومت کا اصل سفر اب شروع ہوا ہے ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنا کر پاؤں پر کھڑا کریں گے۔درآمدات کی حوصل شکنی کریں گے جبکہ برآمدات کو فروغ دیں گے۔

ہم برآمدات بڑھا لیں گے توملک اپنے مسائل پرقابو پا لے گا۔فواد چودھری نے کہا کہ طالبان کو مذاکرات کی میز پرلانے میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔پومپیو کے دورہ کے بعد امریکا سے تعلقات بہتر ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوست ممالک سے بات کرکے خسارے سے باہر نکل آئے۔روس سے 10ار ڈالر گیس کا معاہدہ ہوا ہے۔سعودی عرب سے آئل ریفائنری کا معاہدہ ہوا ہے۔

پہلے سی پیک سڑکوں اور انفراسٹرکچرتک محدود تھا۔اب زراعت کو سی پیک کا فوکس بنا دیا ہے۔سی پیک کے ذریعے سعودی عرب کی سرمایہ کاری بھی آئی ہے۔جبکہ نجی سیکٹرز کو بھی منصوبے دیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے ٹیکس وصولی دوگنا ہوئی ہے۔ترسیلات زر 20ارب ڈالر سے بڑھ کر40ارب ڈالر تک ہوسکتی ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے ایک توکرپشن کی ہے پھر منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسا باہر بھجوایا ہے۔

سندھ میں خوب کرپشن ہوئی سارا پیسا باہر بھیج دیا گیا۔5،5ہزار کے نوٹ چھاپ کرپیساماڈلز اور لانچوں کے ذریعے باہر بھجوایا گیا۔یورپی یونین کو پتا تھا کہ پاکستان کا پیسا کہاں جارہا ہے۔منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات شروع کردیے ہیں۔برٹش ایئرلائن کا آپریشن بحالی کافیصلہ خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھول کر70سالہ تاریخ تبدیل کردی ہے۔کرتار پور سرحد راہداری کھولنے کا مقصد مذہب کے ساتھ معاشی مضبوطی بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری اپنا آخری الیکشن لڑ چکے ہیں اب دونوں کی سیاست ختم ہوگئی ہے۔