Live Updates

پاکستان ہمیشہ کیلئے بدلنے والا ہے، ہمارا مقصد پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانا ہے جس میں نچلے طبقہ کو اوپر لایا جائے گا،

موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے پرعزم ہے ، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے وزیراعظم آفس میں پبلک افیئرز ونگ فعال بنانے اور ڈویژنل سطح پر ارکان قومی اسمبلی کی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے وزیراعظم عمران خان کی ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو

منگل 18 دسمبر 2018 20:07

پاکستان ہمیشہ کیلئے بدلنے والا ہے، ہمارا مقصد پاکستان کو حقیقی فلاحی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ کیلئے بدلنے والا ہے، ہمارا مقصد پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانا ہے جس میں نچلے طبقہ کو اوپر لایا جائے گا، موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے پرعزم ہے جبکہ ارکان قومی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے وزیراعظم آفس میں پبلک افیئرز ونگ فعال بنانے اور ڈویژنل سطح پر ارکان قومی اسمبلی کی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے جنہوں نے منگل کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق اور قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ارکان قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم کی مخلص اور دیانتدار قیادت میں ملک ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی دور کرنے اور وہاں ترقی و خوشحالی کا سفر شروع کرنے کیلئے جو وژن وزیراعظم نے دیا ہے پہلے کسی حکومت نے نہیں دیا جس کیلئے ہم وزیراعظم کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب میں انتظامی خود مختاری کے امور کے حوالہ سے پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کے حوالہ سے اپنے روڈ میپ کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ کیلئے بدلنے والا ہے، ہمارا مقصد پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانا ہے جس میں نچلے طبقے کو اوپر لایا جائے گا۔ اللہ تعالی نے ہمیں قدرتی و معدنی وسائل سے مالامال کیا ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں ملک کی ترقی اور وسائل کو بروئے کار لانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوامی مسائل، جنگلات و زراعت کی ترقی اور فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے پرعزم ہے، جنوبی پنجاب کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے نظریہ پر 2018ء کے الیکشن میں بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، انشاء اللہ جنوبی پنجاب ایک ترقی یافتہ خطہ بنے گا۔ ملاقات میں ممبران قومی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے وزیراعظم آفس میں سینئر افسر کے تحت پبلک افیئرز ونگ کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا جو صوبوں سے بھی مستقل رابطہ میں ہو گا۔

ملاقات میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژنل سطح پر ارکان قومی اسمبلی کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو عوامی مسائل کا مقامی قیادت کی مشاورت اور صوبائی حکومت کے تعاون سے حل یقینی بنائے گی۔ ارکان قومی اسمبلی میں شیریں مزاری، زرتاج گل وزیر، محمد شبیر علی قریشی، مخدوم باسط بخاری، عامر طلال گوپنگ، عبدالمجید خان نیازی، نیاز احمد جکھڑ خواجہ شیراز محمود، محمد امجد فاروق خان کھوسہ، سردار محمد خان لغاری، سردار محمد جعفر خان لغاری، سردار نصراللہ خان دریشک اور سردار ریاض محمود خان مزاری شامل تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات