نوازشریف، زرداری میں ٹیلیفونک رابطہ، سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال

دونوں رہنماؤں میں جنوری میں باقاعدہ ملاقات بھی متوقع، ملاقات میں سیاسی حکمت بارے مشاورت کی جائے گی، ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 18 دسمبر 2018 19:06

نوازشریف، زرداری میں ٹیلیفونک رابطہ، سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت بنانے سے متعلق بات چیت کی گئی، دونوں رہنماؤں میں جنوری میں باقاعدہ ملاقات متوقع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان برف پگھلنا شروع ہوگئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور سابق صدر آصف زرداری نے ملاقات کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں میں جلد ملاقات کا بھی امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ میاں نوازشریف اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان جنوری میں باقاعدہ ملاقات متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ن لیگ نے30 دسمبر سے ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔نوازشریف اور مریم نوازعوامی رابطہ مہم میں بھی شریک ہوں گے۔ واضح رہے مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف اورپارٹی صدر شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روزپارلیمنٹ میں ہاؤس میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔

جس میں پارٹی کی تنظیم سازی، سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق مشاورت کی گئی۔اجلاس میں نیب کی انتقامی کاروائیوں سے متعلق بھی معاملات زیربحث آئے۔ اجلاس میں مسلم لیگ نواز کی ملک بھر میں از سر نو تنظیم سازی کرنے کے معاملات بھی زیرغور آئے۔ اسی طرح اجلاس میں پارلیمنٹ میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل اور اپوزیشن کو ملنے والے حصے سمیت خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے معاملے پر بھی حکمت عملی زیرغور آئی۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ اب عوام کی آواز پر کان دھرنا ہوگا۔ موجودہ حکومت نے 100 روز میں ہی معیشت کا برا حال کردیا ہے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ نیب کا پردہ عوام کے سامنے چاک ہوچکا۔ اس موقع پر اجلاس میں مسلم لیگ ن نے 30 دسمبر سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ابتدائی طور پر ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں جلسے کیے جائیں گے۔

ن لیگ کے مرکزی رہنماء احسن اقبال، خواجہ آصف، مشاہد اللہ خان، شاہد خاقان عباسی اور دیگر سینئر رہنماء جلسوں سے خطاب کریں گے۔ قائد ن لیگ نوازشریف نے چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز میں پارٹی دفاتر قائم کرنے، کارکنوں سے روابط بڑھانے اور کارکنوں کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔ نوازشریف نے مڈٹرم انتخابات یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے پارٹی کو بھرپورتیاری کی ہدایت کی ہے۔