بلین سونامی ٹری پراجیکٹ کی شفافیت جاننے کیلئے صوبائی پارلیمانی کمیٹی تشکیل

منگل 18 دسمبر 2018 20:07

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) خیبرپختونخوا اسمبلی نے بلین سونامی ٹری پراجیکٹ کی شفافیت جاننے کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی تحریک متفقہ طور پر منظورکرلی، کمیٹی کے اراکین کے نام بعد میں فائنل کئے جائینگے۔ اسمبلی اجلاس کے دوران اے این پی کی خاتون رکن شگفتہ ملک کے سوال کہ سونامی بلین ٹری منصوبے کے تحت کتنے پودا جات خریدے اورکہاں کہاں لگائے گئے ،کی تفصیلات فراہم کی جائے پر صوبائی وزیرقانون سلطان محمد نے کہاکہ بلین سونامی ٹری پراجیکٹ فلیگ شپ منصوبے کی حیثیت رکھتاہے جس کی ملکی وبین الاقوامی فورم پر پذیرائی ہوئی اورسراہاگیاجوکہ خیبرپختونخواکیلئے فخرکی بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پراجیکٹ نومبر2014ء میں شروع ہوا اسوقت سرکاری نرسیوں میں پانچ ملین پودے تھے جسکے بعد فیصلہ ہوا کہ نجی نرسیوں سے مزید پودے لئے جائیں گے صوبے میں کہیں سے بھی پراجیکٹ پرشکوک وشبہات سامنے نہیں آئے جہاں جہاں پودے لگے وہ جگہیں سٹیلائٹ پر دستیاب ہیں اگرکسی رکن کے اعتراضات ہیں تو حکومت منصوبے کی شفافیت کی خاطر جگہوں کی نشاندہی کراسکتی ہے ،اپوزیشن لیڈراکرم درانی نے کہاکہ منصوبے کی شفافیت جاننے کیلئے حکومت واپوزیشن اراکین پرمشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے جس پر سپیکر نے اس حوالے سے تحریک لانے پرزوردیابعدازاں اے این پی کے رکن خوشدل خان نے کمیٹی کی تشکیل کیلئے تحریک پیش کی جسے متفقہ طور پرمنظورکرلیاگیاکمیٹی میں پارلیمانی لیڈرز کی مشاورت کے بعد نام فائنل کئے جائیں گے۔