زرعی یونیورسٹی سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بنیادی سائنسز کے تمام مضامین میں بی ایس ڈگری پروگرام شروع کئے جا ئیں گے، پروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا

منگل 18 دسمبر 2018 20:15

ٹوبہ ٹیک سنگھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) زرعی یونیورسٹی سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بنیادی سائنسز کے تمام مضامین میں چار سالہ بی ایس ڈگری پروگرام شروع کئے جا ئیں گے تاکہ علاقہ کے نوجوانوں کیلئے بین الاقوامی معیار کی تعلیمی و تحقیقی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں، یہ بات زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے ٹوبہ ٹیک سنگھ سب کیمپس کے دورہ کے دوران ہوم سائنسز فوڈ اینڈ آرٹ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر سابق ضلع ناظم چوہدری محمد اشفاق‘ رکن صوبائی اسمبلی چوہدری سعید احمد سعیدی ،سنیئر نائب ضلعی صدر پی ٹی آئی میاں امتیاز احمد ، چوہدری اسجد، پرنسپل سب کیمپس ڈاکٹر قمر بلال اور تدریسی سٹاف بھی موجود تھا ، ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہا کہ یونیورسٹی سب کیمپس کے تعمیراتی کاموں کی تکمیل کے بعد وہ یہ ضروری سمجھتے ہیں کہ علاقہ کے نوجوانوں کیلئے انٹرمیڈیٹ کے بعد اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ میں دوسرے اضلاع کا رخ کرنے کے بجائے انہیں مقامی سطح پر ہی اعلیٰ معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیںتاکہ ایجوکیشن رینکنگ میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کی درجہ بندی مزید بہترطور پر سامنے لائی جا سکے، انہوں نے ضلع کی سیاسی قیادت پر زور دیا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے بعد سب کیمپس اس قابل ہوگیا ہے کہ اسے مکمل طور پر ایک یونیورسٹی کا درجہ دلوانے کیلئے پولیٹیکل لیڈرشپ اپنا کردار ادا کرے، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سب کیمپس کو یونیورسٹی کے طو رپر ترقی دینے سے علاقہ کی عوام کو زرعی ، پولٹری ، باغات ‘ لائیوسٹاک اور دیگر شعبہ جات میں باصلاحیت افرادی قوت میسر ہوگی جو علاقہ میں نئے معاشی انقلاب کو رواج دے گی،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹوبہ کیمپس کی نامکمل سڑکوں کو بہت جلد مکمل کروایا جائیگاجبکہ طبی سہولیات کے لئے بھی ماہر ڈاکٹر کی تعیناتی کا عمل بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا، سابق ضلعی ناظم چوہدری محمد اشفاق نے کہا کہ ٹوبہ میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا سب کیمپس ان کی کوششوں سے قائم کیا گیا جسے موجودہ حکومت سے یونیورسٹی کا درجہ دلوانا ان کی اولین ترجیح ہے، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری سعید احمد سعیدی اور میاں امتیا ز احمد نے سب کیمپس میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور کمیونٹی کی شمولیت پر مبنی پروگرامز کے انعقادکوخوبصورت روایت سے تعبیر کرتے ہوئے اس سلسلہ کو مزید توانائی سے آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، اس موقع پر سب کیمپس کے پرنسپل ڈاکٹرمحمد قمر بلال نے کہا کہ ان کی بطور پرنسپل تعیناتی سے آج تک کیمپس کی ترقی اور آئوٹ لک کو پرکشش بنانے کیلئے بہت سے اقدامات کئے گئے ہیںاور اس ضمن میں دو درجن کے قریب مختلف ایونٹس منعقد کئے گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ مین گیٹ کی خوبصورتی سے لیکر لان ڈویلپمنٹ‘ کوٹیشن بورڈز‘ ویٹنگ ایریاکی سہولت اور آر او پلانٹ سمیت تمام کام مکمل کروانے میں کمیونٹی اور انڈسٹری کا تعاون انہیں حاصل رہا ہے وگرنہ مذکورہ تمام کاموں کیلئے لاکھوں روپے درکارتھے ۔