ریاست کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کیا جائے گا ،ْشاہ محمود قریشی

جارحیت کے مقابلے کیلئے کم سے کم قابل اعتماد ڈیٹرنس کی پالیسی پر کاربند ہیں ،ْکشمیر کے مسئلہ کا منصفانہ و دیرپا حل چاہتے ہیں،افغانستان میں امن علاقائی امن و استحکام کے لئے ناگزیر ہے ،ْوزیر خارجہ کا این ڈی یو میں نیشنل سیکیورٹی و وار کورس کے شرکا سے خطاب

منگل 18 دسمبر 2018 20:31

ریاست کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کیا جائے گا ،ْشاہ محمود ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ریاست کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کیا جائے گا ،ْجارحیت کے مقابلے کیلئے کم سے کم قابل اعتماد ڈیٹرنس کی پالیسی پر کاربند ہیں ،ْکشمیر کے مسئلہ کا منصفانہ و دیرپا حل چاہتے ہیں،افغانستان میں امن علاقائی امن و استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔

منگل کو آئی ایس پی آر کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے این ڈی یو میں نیشنل سیکیورٹی و وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر خارجہ نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے خدوخال بیان کئے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان کو خارجہ محاز پر درپیش چیلنجز اور مواقع سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت خارجہ پالیسی تزویراتی مقاصد کے حصول کے لئے کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہاکہ ریاست کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کیا جائے گا، وزیر خارجہ نے کہا کہ جارحیت کے مقابلے کے لئے کم سے کم قابل اعتماد ڈیٹرنس کی پالیسی پر کاربند ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جارہا ہے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ معیشت کے استحکام کے فروغ کے لئے کام کیا جارہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ عالمی معیشت کے ساتھ موثر طریقے سے منسلک ہونے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہاکہ تمام ممالک خصوصا بڑی طاقتوں کے ساتھ دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات استوار کئے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھی خوشگوار تعلقات کا قیام چاہتے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کا منصفانہ و دیرپا حل چاہتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی جیو سٹریٹجک لوکیشن کو اثاثے میں بدل رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کی ثقافت، درست امیج اور ریاستی پالیسیوں کو فروغ دیا جارہا ہے۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ معاشی خوشحالی اور ترقی کا ہمہ جہتی شراکت داری کے ذریعہ فروغ چاہتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی بہبود کے لئے کام کر رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے لیکن سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے، اس لعنت سے کامیابی سے چھٹکارا پارہے ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان، افغان مفاہمتی عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان میں امن علاقائی امن و استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔