نیب کرپٹ افراد کو خوبصورت بنانے کی کوشش کر رہا ہے‘فیاض الحسن چوہان

ْبیوٹی پارلرزباہر سے چہرے کو صاف جبکہ نیب اندر سے صاف کرتا ہے‘صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت

منگل 18 دسمبر 2018 20:31

نیب کرپٹ افراد کو خوبصورت بنانے کی کوشش کر رہا ہے‘فیاض الحسن چوہان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ظاہر کے ساتھ ساتھ انسان کا باطن بھی دلکش ہونا چاہیے، ہیر ڈریسرز اور بیوٹیشنز کا کام لوگوں کے ظاہر کو نکھارنا ہے،یہ بھی ایک فن ہے اور موجودہ دور میں ان کی اہمیت اور ضرورت سے انکارکسی طورممکن نہیں ہے،ظاہری خوبصورتی کے ساتھ انسان کا باطن بھی صاف ہونا بہت ضروری ہے، جب انسان خود غرض ہو جاتا ہے تو اندر سے بد صورت ہو جاتا ہے۔

میرے خیال میں بیوٹی پارلرز اور نیب ایک ہی مقصد کے لیے کام کر رہے ہیں۔ یعنی بیوٹی پارلرز انسان کا ظاہر سنوار رہے ہیں اور با طنی گندگی کی صفائی کے لیے نیب جیسا ادارہ بہترین کام کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے الحمرا میں آل پاکستان ہیئر ڈریسرز اینڈ بیوٹیشنز فیڈریشن کے زیرا ہتمام بیوٹیشن کورس مکمل کرنے والے افراد کے درمیان اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ میں آل پاکستان ہیئر ڈریسرز اینڈ بیوٹیشنز فیڈریشن کے عہدیداران کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو بنا کسی لالچ کے بہترین فنی تعلیم دے رہا ہے۔ بعد ازاں کرپٹ سیاستدانوں پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے خصوصا آل شریف نے غریب عوام کا جو مال لوٹا ہے اس کی واپسی کے لیے نیب کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ ہیر ڈریسرز تو بالوں میں کنگھی کرتے ہیں اور آل شریف نے تو عوام کے مال پر ہی کنگھی پھیر ڈالی۔ لوٹ مار کا بازار گرم کرنے والے اندر اور باہر سے یکساں بدصورت ہیں۔ نیب درحقیقت کرپٹ افراد کو اندر سے خوبصورت بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ڈی جی نیب کی سربراہی میں نیب کرپشن کو ختم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔