لاہور، شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر لیگی کارکنوں پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف انکوائری بورڈ بنانے کے لیے سی سی پی او کو حکم جاری

منگل 18 دسمبر 2018 20:53

لاہور، شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر لیگی کارکنوں پر تشدد کرنے والے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 دسمبر2018ء) سیشن عدالت نے سابق وزیر اعلی شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر لیگی کارکنوں پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف انکوائری بورڈ بنانے کے لیے سی سی پی او کو حکم جاری کر دیا۔ انکوائری بورڈ ذمہ دار پولیس اہلکاروں کا تعین کر کے ان کیخلاف کارروائی کرے گا۔ سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج سیف اللہ ہنجرا کی عدالت میں سابق وزیراعلی شہبازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر پولیس کی جانب سے لیگی کارکنوں پر تشدد کرنے کے حوالے سے اندراج مقدمہ کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے سی سی پی او کو حکم دیا کہ مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ عمران نذیر کی درخواست کے مطابق لیگی کارکنوں پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کے لئے انکوائری بورڈ قائم کرے جو تشدد ثابت ہونے پر متعلقہ پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ بھی کرے گا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ عمران نذیر نے ایڈووکیٹ فائزہ عباسی کی وساطت سے تھانہ اسلام پورہ کے پولیس اہلکاروں کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر رکھی تھی جس میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے لیگی کارکن صلاح الدین عباسی اور محمد امین وغیرہ کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

شہبازشریف کی پیشی کے موقع پر پولیس نے قانون سے بالا تر ہو کر مسلم لیگی کارکنوں پر تشدد کیا جس سے متعدد لیگی کارکن زخمی بھی ہوئے۔ درخواست دینے کے باوجود پولیس متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کاروائی نہیں کررہی۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت تھانہ اسلام پورہ کے ایس ایچ او کو تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد سی سی پی او کو تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کے لئے بورڈ قائم کرنے کا حکم دے دیا۔