Live Updates

سجاول کراچی سے دو گھنٹے دورپر دنیا سے سو سال پیچھے چلے گئے، پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی

تعلیم اور صحت کے بارے میں وزیر اعلیٰ سندھ سے جو کہانیاں سن رکھیں تھیں سب جھوٹ ثابت ہوئیں، فردوس شمیم نقوی

منگل 18 دسمبر 2018 21:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے قائد حزب اختلاف سندھ فردوس شمیم نقوی، اراکین سندھ اسمبلی بلال احمد غفار، سدرہ عمران اور ڈاکٹر سنجے گنگوانی نے وزیر اعلیٰ سندھ کے حلقہ انتخاب کا دورہ کیا اور بعد ازاں تحریک انصاف کراچی ڈویژن نے اراکین سندھ اسمبلی کے دورئہ سجاول کی تفصیلی رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق اراکین سندھ اسمبلی کو سجاول پہنچنے میں تقریباً دو گھنٹے لگے۔ تعلیم اور صحت کے بارے میں وزیر اعلیٰ سندھ سے جو کہانیاں سن رکھیں تھیں سب جھوٹ ثابت ہوئیں۔ اراکین سندھ اسمبلی گورنمنٹ پرائمری اسکول حاجی شین خان میں داخل ہوئے تو حیرت انگیز طور پر ایک خستہ حال عمارت کے نظارے نے استقبال کیا۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے تعلیمی سہولیات بہم پہنچانے میں دیگر صوبوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے لیکن یہ ایک کاغذی دعویٰ ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

اسکول کی حالت قابل رحم تھی۔ دو کمروں میں سے ایک کا فرنیچر ٹوٹا ہوا تھا اور دوسرے میں بلیک بورڈ کے نا م پر دیوار سیاہ کی گئی تھی۔ یونیفارم، کتابوں یا بیگز کا نام و نشان تک نہ تھا۔ دو ہزار پندرہ سے اسکول بجلی سے محروم تھا۔ واش روم کی سہولت بھی نہ ہونے کے برابر تھی۔ گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول بتھورو کے دو کمرے زیر تعمیر تھے اور باقی دو استعمال کیے جا رہے تھے۔

اسکول میں چار سوطلبہ رجسٹرڈ تھے جن میں سے روزانہ حاضری نصف تھی۔ گورنمنٹ گرلز کیمپس اسکول سجاول میں سات سو رجسٹرڈ بچے تھے اور اساتذہ بھی حاضر تھے لیکن اسکول میں کوئی سائنس لیب نہیں تھی۔ اراکین سندھ اسمبلی نے سجاول تعلقہ ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔ کوئی بھی شخص یونیفارم میں نہیں تھا۔ نہ ڈاکٹر تھے، نہ کوئی رجسٹر موجود تھا۔ وہاں موجود مقامی خواتین نے بتایا کہ ہسپتال سوائے ایک بلڈنگ کے اور کچھ نہ تھا ۔

ہنگامی طبی امداد یا حادثے کی صورت میں ہسپتال کوئی مدد کرنے سے قاصر تھا۔ صفائی ستھرائی یا سرنج ڈسپوز کرنے کا بھی انتظام نہ تھا۔ اراکین سندھ اسمبلی نے تھانہ سجاول کا بھی دورہ کیا۔ 1922ء سے بنے ہوئے پولیس اسٹیشن کی تعمیر نو یا مرمت تک نہیں کی گئی۔ سندھ گورنمنٹ کے موجودہ بجٹ کا تیرہ فیصد وزارت داخلہ کو دیا گیا، اس کا استعمال نظر نہیں آیا۔

تھانے میں کوئی پولیس اہلکار پولیس یونیفارم میں نہیں تھا۔ بتایا گیا کہ پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت تعمیر ہوچکی لیکن کسی کے قبضے میں ہے اور یہ پولیس اسٹیشن جلد وہاں منتقل کیا جائے گا۔ یہ تھانہ انتہائی غلیظ اور گندہ ہوچکا تھا۔ اراکین سندھ اسمبلی کا مشترکہ بیان ہے کہ ضلع سجاول تعلیم و صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ پیپلز پارٹی تعلیم ، صحت اور صفائی کے نظام میں بہتری کے جتنے دعوے کرتی ہے، سب ضلع سجاول میں جھوٹے ثابت ہو گئے۔ تحریک انصاف سندھ کے مسائل کا حل چاہتی ہے اور اراکین سندھ اسمبلی اس کے لیے عملی اقدامات کے لیے پر عزم ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات