Live Updates

پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر خان کا مورو کے مختلف سرکاری محکموں اورتعلقہ اسپتال کا بھی دورہ

پیپلز پارٹی کی سندھ سرکار کی عدم توجہی، نااہلی اور کرپشن کے باعث اندرون سندھ میں ادارے بالکل تباہ ہوچکے ہیں، راجہ اظہر خان

منگل 18 دسمبر 2018 21:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی پی ایس 97 ایم پی اے راجہ اظہر خان پی ٹی آئی چیئرمین وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر اپنے قافلے کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز کے تعلقہ مورو پہنچے۔ اس موقعے پہ ان کے ہمراہ پی ٹی آئی نواب شاہ کے ڈویژنل صدر سید کاظم علی شاہ، رضوان شاہ، راجہ محمد آصف، حامد میر، سلطان رحمت خان، عارف عباسی، تنویر یوسف زئی، ملک عرفان، جنید احمد، عظیم رسول، زوہیب شاہ، سردار صغیر، ذیشان نیازی اور پارٹی کے دیگر عہدیداران اور کارکنان بھی موجود تھے۔

ایم پی اے راجہ اظہر نے تعلقہ مورو کے گائوں بنگل خان بردی میں سرکاری اسکول، سرکاری ہسپتال اور آر او پلانٹ کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے مورو میں SEPCO کے آپریشن منیجر و انجینئر کے ساتھ ملاقات کی اور ضلع نوشہرو فیروز میں بجلی کے بحران ،چوری و دیگر مسائل پر باز پرس اور محکمے کے نظام کو منظم و کرپشن سے پاک کرنے کی ہدایات دیں۔

مورو سٹی کے گورنمنٹ پرائمری اسکول جن میں کرم شاہ سکول، احمد شاہ سکول شادی خان ڈھلو اسکول کے ساتھ، مورو سندھ کالونی میں موجود آر او پلانٹ اور ڈسپوزل سیوریج ڈرنیج جو کہ کافی سالوں سے ناکارہ ہے اور ساتھ ہی گاؤں دیوان جو کھڑیو کا راستہ اور وہاں کے مسائل سنے اور دیکھے۔ ایم پی اے راجہ اظہر نے مورو کے مختلف سرکاری محکموں اورتعلقہ اسپتال مورو کا بھی دورہ کیا۔

اسپتال میں موجودہ مریضوں نے رکن سندھ اسمبلی کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے ۔اسپتال میں سہولیات اور ادویات کا فقدان ہے۔ انہوں نے مریضوں کی شکایتیںسنیں۔ انہوںنے اپنے دورہ مورو کے حوالے سے ڈویژنل صدر بینظیر آباد سید کاظم شاہ، ایاز علی سولنگی ،ممتاز سولنگی، حنیف رحمانی اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ انصاف ہاؤس مورو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ سرکار کی عدم توجہی، نااہلی اور کرپشن کے باعث اندرون سندھ میں ادارے بالکل تباہ ہوچکے ہیں۔

یہاں کا پانی پینے کے لائق نہیں ہے۔ یہاں کے اسکولوں میں پالتو جانور بندھے ہوئے ہیں اور مورو شہر کی مختلف جگہوں پر کوڑے کچرے اور گندے پانی کے تالاب دکھائی دے رہے ہیں جو کہ حکومت کی نااہلی ہے۔ سندھ حکومت لوگوں کو سہولیات دینے میں یکسر ناکام ہوچکی ہے۔پیپلز پارٹی نے اپنے گیارہ سالہ حکومتی دور میں کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ایم پی اے راجہ اظہر خان اپنے دورہ ضلع نوشہرو فیروز، تعلقہ مورو کے گوٹھ ابراھیم چھنہ پہنچے۔

گوٹھ ابراھیم چھنہ کے سربراہ اور پیپلزپارٹی کے رہنما شیر دل خان نے پیپلز پارٹی سے اپنی 20 سالہ رفاقت ختم کرکے اپنے سینکڑوں کارکنان کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ ایم پی اے راجہ اظہر نے شیر دل کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہا۔ ایم پی اے راجہ اظہر نے پیپلز پارٹی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکنان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا تو بھرپور احتجاج کریں گے اور مقامی پیپلزپارٹی کے وڈیروں کا جینا حرام کردیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات